رسائی کے لنکس

شیو سینا کا نیٹ فلِکس پر ہندوؤں کو بدنام کرنے کا الزام


فائل فوٹؤ
فائل فوٹؤ

بھارت کی قوم پرست جماعت شیو سینا نے امریکی اسٹریمنگ سروس 'نیٹ فلِکس' پر ہندوؤں کو بدنام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس کو شکایت درج کرا دی ہے۔

شیو سینا کے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے ایک رکن رمیش سولنکی نے ممبئی کے ایل ٹی مارگ پولیس اسٹیشن میں نیٹ فلِکس کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔

بھارتی میڈیا ہاؤس 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق درج کرائی گئی رپورٹ میں رمیش سولنکی نے کہا ہے کہ 'سیکرڈ گیمز'،'لیلا' اور 'غوال' جیسی سیریز اور حسن منہاج جیسے اسٹینڈ اپ کامیڈینز ہندوؤں اور بھارت کی پوری دنیا میں غلط تصویر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

رمیش نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ نیٹ فلِکس انڈیا پر پیش کی جانے والی تقریباً ہر سیریز کا مقصد بھارت کو عالمی سطح پر بدنام کرنا ہوتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم ہندوؤں کو غلط اور برا دکھا رہا ہے۔

رمیش نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ اعلیٰ حکام درخواست میں بتائے گئے مواد کا جائزہ لیں اور نیٹ فلِکس کی ٹیم کو طلب کرنے سے لے کر لائسنس کی منسوخی تک جو بھی درست اقدام ہو وہ اٹھائیں۔ کسی کو بھی ہندوؤں کو بدنام کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

سولنکی نے پولیس سے درخواست کی ہے کہ وہ نیٹ فلِکس کے خلاف ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر فوری قانونی کارروائی کریں۔

رمیش سولنکی کی شکایت کی کاپی مہاراشٹرکے وزیرِ اعلیٰ دیویندر اور ممبئی کے پولیس کمشنر کو بھی بجھوائی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG