رسائی کے لنکس

”شادی کرکے ہی جاؤں گا“


شعیب ملک اور ثانیہ مرزا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ جب تک وہ اپنی مبینہ بیوی عائشہ صدیقی کے الزامات کو غلط ثابت نہیں کردیتے وہ بھارت چھوڑ کر نہیں جائیں گے اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا سے ان کی شادی طے شدہ پروگرام کے تحت 15اپریل کو ہی ہوگی۔

بھارتی شہر حیدر آباد دکن میں اپنی منگیتر ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے گھر کے باہرمیڈیا سے باتیں کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہاکہ مقامی پولیس پیر کے روز ان سے کچھ سوالات پوچھنے آئی تھی جو کہ بھارتی قانون کا تقاضا ہے اوروہ حکام سے اس بارے میں مکمل تعاون کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ان کی بیوی ہونے کا دعویٰ کرنے والی خاتون عائشہ صدیقی اور ان کے خاندان کی طرف سے خود پر لگائے جانے والے الزامات کو نہیں مانتے کیونکہ اس نام کی کسی خاتون سے وہ کبھی نہیں ملے ہیں۔

شعیب ملک نے کہا کہ اگر عائشہ صدیقی سمجھتی ہیں کہ وہ حق بجانب ہیں تو انھیں عدالت میں جاکر اپنے الزامات کو ثابت کرنا چاہیے نہ کہ میڈیا پر بیانات دے کر ان کے اور ثانیہ مرزا کے خاندان کی ساکھ کو خراب کریں۔

اس موقع پر ثانیہ مرزا نے شعیب ملک کا دفاع کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ وہ اس موقع پر دونوں کے خاندانوں کی عزت کا خیال کرتے ہوئے” سنسنی خیز اور اخلاق سے گری “ہوئی سرخیاں نہ لگائیں۔ انھوں نے بھی کہا کہ وہ اس رشتے سے بہت خوش ہیں اور شادی 15اپریل کو ہوہی ہوگی۔

واضح رہے کہ حیدرآباد دکن سے ہی تعلق رکھنی والی عائشہ صدیقی کا دعویٰ ہے کہ شعیب ملک سے ان کی پہلی شادی ہوچکی ہے اور اگر اب وہ ثانیہ مرزا سے شادی کرنا چاہتے ہیں تو پہلے انھیں طلاق دیں جب کہ شعیب ملک عائشہ صدیقی سے ایسے کسی تعلق سے انکار کرتے آئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG