رسائی کے لنکس

نیو جرسی: آرٹ فیسٹول میں فائرنگ، حملہ آور ہلاک


فائرنگ کے واقعے کے بعد تفتیشی اہلکار جائے واقعہ پر موجود ہیں۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد تفتیشی اہلکار جائے واقعہ پر موجود ہیں۔

علاقہ پولیس کے مطابق واقعے میں کل 22 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 17 کو گولیاں لگی ہیں جب کہ دیگر فائرنگ کے بعد فیسٹول میں مچنے والی بھگدڑ سے زخمی ہوئے۔

امریکہ کی ریاست نیو جرسی میں ایک آرٹ فیسٹول کے دوران فائرنگ سے 22 افراد زخمی ہوگئے ہیں جب کہ ایک مبینہ حملہ آور مارا گیا ہے۔

حکام کے مطابق واقعہ اتوار کو نیوجرسی کے شہر ٹرینٹن میں پیش آیا جہاں رات بھر جاری رہنے والے آرٹ فیسٹول کے دوران دو متحارب گروہ آپس میں لڑ پڑے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 'آرٹ آل نائٹ' کے عنوان سے ہونے والا فیسٹول ختم ہونے کے قریب تھا جب رات تقریباً پونے تین بجے وہاں دو افراد نے فائرنگ کردی۔

پولیس نے بتایا ہے کہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 33 سالہ تہاج ویلز کے نام سے ہوئی ہے جو مبینہ طور پر فائرنگ میں ملوث تھا۔

پولیس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ہلاک ہونے والا مشتبہ حملہ آور جائے واقعہ پر موجود ایک پولیس اہلکار کی فائرنگ سے مارا گیا ہے۔

فائرنگ کرنے والا دوسرا شخص 23 سالہ عامر آرمسٹرانگ پولیس کی تحویل میں ہے۔ پولیس نے جائے واقعہ سے کئی ہتھیار بھی قبضے میں لیے ہیں۔

علاقہ پولیس کے مطابق واقعے میں کل 22 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 17 کو گولیاں لگی ہیں جب کہ دیگر فائرنگ کے بعد فیسٹول میں مچنے والی بھگدڑ سے زخمی ہوئے۔

ٹرینٹن کا شہر نیوجرسی کی مرسر کاؤنٹی میں شامل ہے جہاں کی انتظامیہ کے ایک افسر اینجلو اونوفری نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ فیسٹول میں جس وقت فائرنگ ہوئی اس وقت وہاں ایک ہزار کے لگ بھگ لوگ موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ بظاہر ٹرینٹن میں سرگرم بعض جرائم پیشہ گروہوں کے مابین اس مقام کی ملکیت پر تنازع کا نتیجہ تھی جہاں فیسٹول ہورہا تھا۔

نیو جرسی میں فائرنگ کا یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکہ بھر میں آتشیں اسلحے سے ہونے والے جانی نقصان پر بحث زوروں پر ہے اور کئی حلقے ملک میں اسلحے کی خرید و فروخت پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG