رسائی کے لنکس

مردم شماری کے التوا کے خلاف سندھ بھر میں ہڑتال


ہڑتال کے دوران سکھر، عمرکوٹ اور کنڈیارو سمیت کچھ شہروں میں جلاؤ گھیراؤ بھی کیا گیا لیکن مجموعی طور پر ہڑتال پر امن رہی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت تک مردم شماری ملتوی کئے جانے کے خلاف جمعرات کو سندھ بھر میں ہڑتال کی گئی۔ ہڑتال کی اپیل صوبے کی گیارہ قوم پرست جماعتوں کی جانب سے کی گئی تھی۔

سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے چیئرمین اور مردم شماری کی نگراں کمیٹی کے کنوینر سید محمود شاہ نے سندھ کے عوام کو کامیاب اور پرامن ہڑتال کرنے پر سراہا ۔

کراچی کے نواحی اور سندھی آبادی والے علاقوں مثلاً ملیر،گلشن حدید، سچل گوٹھ، چکرا گوٹھ، صفوراں، ایوب اور لاسی گوٹھ میں بھی ہڑتال کا اثر دیکھا گیا ۔ ان علاقو ں میں پرامن احتجاج بھی ہوا جس کی قیادت قوم پرست جماعتوں کے مقامی رہنماوٴں نے کی۔

علاوہ ازیں سندھ کے دیگر شہروں جیسے حیدرآباد، میرپورخاص، لاڑکانہ، سکھر، شکارپور، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، خیرپور، نوابشاہ، دادو، شہدادکوٹ، کندھ کوٹ، قاضی احمد، مورو، ٹنڈو آدم، سیہون، نو ڈیرو، بھان سعید آباد، گھارو، قاضی احمد، مورو ، پڈ عیدن اور بھریا سٹی میں بھی ہڑتال کی گئی۔

اس دوران کئی شہروں میں مکمل شٹرڈاؤن رہا تو کچھ شہروں میں اس کا جزوی اثردیکھا گیا۔ سندھ کے مقامی صحافی رحیم بخش سہنڈرو نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ہڑتال سندھ یونائیٹڈ پارٹی، جئے سندھ محاذ، جئے سندھ قومی محاذ، سندھ لبرل فرنٹ ، عوامی جمہوری پارٹی، سندھ ڈیمو کریٹس ، جئے سندھ تحریک ، جئے سندھ اورجئے قومی محاذ آریسر گروپ سمیت گیارہ جماعتوں کی اپیل پر کی گئی۔

ادھر سندھی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ ہڑتال کے دوران سکھر، عمرکوٹ اور کنڈیارو سمیت کچھ شہروں میں جلاؤ گھیراؤ بھی کیا گیا لیکن مجموعی طور پر ہڑتال پر امن رہی۔

عمرکوٹ میں زبردستی دکانیں بند کروانے اور جلاؤ گھیراؤ کرانے والے 20 افراد کوپولیس نے حراست میں لے لیا جس کے خلاف مردم شماری کی نگراں کمیٹی کے کنوینر سید جلال محمود شاہ نے حیدرآباد میں جسقم کے سینئر وائس چیئرمین نیازکالانی، جسقم کے چیئرمین ریاض چانڈیو، جست کے ڈپٹی کنوینر عبدالفتاح چنہ اورجسقم آریسر گروپ کے امیر آزاد پنہور کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور حکام نے حراست میں لئے گئے افراد کو رہا کرانے کا مطالبہ کیا۔

سید جلال محمود شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ کی عوام باشعور ہے ،وہ صوبے میں مردم شماری کا التواء نہیں چاہتی۔کانفرنس کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ مردم شماری کے انعقاد کے لیے اگلے مرحلے کی جدوجہدکاجلد اعلان کریں گے۔

XS
SM
MD
LG