رسائی کے لنکس

سندھ میں اموت کا نیا ریکارڈ، پاکستان میں مزید 136 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے صوبہ سندھ میں پیر کو کرونا وائرس کے 74 مریض دم توڑ گئے جو صوبے میں 24 گھنٹوں میں رپورٹ کی جانے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔

ملک بھر میں مجموعی طور پر 136 افراد ہلاک ہوئے جو ایک دن پہلے کی 49 اموات کے مقابلے میں ڈھائی گنا سے بھی زیادہ ہے۔

دن بھر میں 2714 نئے کیسز کی بھی تصدیق ہوئی۔ ان میں دارالحکومت اسلام آباد کے اعداد و شمار شامل نہیں اس لیے اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

دس دن پہلے تک پاکستان میں روزانہ 30 ہزار ٹیسٹ کیے جارہے تھے اور زیادہ کیسز کی تصدیق ہورہی تھی۔ 19 جون کو 31681 ٹیسٹ کیے گئے اور 6604 کیسز سامنے آئے۔ لیکن اس کے بعد ٹیسٹ کم کیے جانے لگے اور 24، 25 اور 26 جون کو صرف 21، 21 ہزار ٹیسٹ کیے گئے۔

پیر کو سندھ کے محکمہ صحت کے مطابق 1539 کیسز سامنے آئے، 74 مریض چل بسے, جب کہ 1093 شفایاب ہو گئے۔ پنجاب کے محکمہ صحت کے مطابق 723 نئے مریضوں کا علم ہوا، 46 مریض ہلاک ہوئے اور 1085 صحت یاب ہو گئے۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق 337 ٹیسٹ مثبت آئے، 13 مریضوں کا انتقال ہو گیا اور 278 نے وائرس کو شکست دے دی۔

بلوچستان میں 74 کیسز کی تصدیق ہوئی، 3 مریض دم توڑ گئے اور 258 کو شفا مل گئی۔ گلگت بلتستان میں 28 افراد وائرس میں مبتلا ہوئے اور 18 صحت یاب ہو گئے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 16 نئے کیسز کا پتا چلا اور 19 مریضوں نے کرونا وائرس کو شکست دے دی۔

پاکستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 209226، اموات کی تعداد 4303 اور صحت یاب ہو جانے والوں کی تعداد 98158 تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 12 ملکوں میں 2 لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG