رسائی کے لنکس

نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کے 6 کھلاڑی کرونا کا شکار


جو کھلاڑی کرونا سے متاثر ہوئے ہیں ان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔
جو کھلاڑی کرونا سے متاثر ہوئے ہیں ان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔

نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک ٹوئٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے سے متعلق آگاہ کیا ہے۔

جمعرات کو آئی سی سی نے ٹوئٹ میں بتایا کہ دو متاثرہ کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ پہلے بھی مثبت آ چکے ہیں جب کہ چار کھلاڑیوں کے نتائج نئے ہیں۔

جن کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔

پاکستانی کرکٹرز اور میچ آفیشلز کرائسٹ چرچ میں موجود ہیں اور قرنطینہ کے دن گزار رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پاکستان ٹیم کو ٹریننگ کی سہولت دستیاب نہیں ہو گی اور مہمان ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں ہی رہنا پڑے گا۔

کیویز بورڈ نے اپنے بیان میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بعض کھلاڑیوں کی جانب سے کرونا پروٹوکول کی خلاف ورزی کا بھی الزام عائد کیا ہے تاہم اس خلاف ورزی کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم پیر کی صبح لاہور سے نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوئی تھی اور اس سے قبل تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے جن کی رپورٹ منفی آئی تھی۔

دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے روانگی سے ایک روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے اوپننگ بلے باز فخر زمان کو بخار کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کر دیا تھا۔

پی سی بی کا کہنا تھا کہ فخر زمان کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا ہے تاہم بخار کی وجہ سے انہیں نیوزی لینڈ نہیں بھیجا جا رہا۔

دورۂ نیوزی لینڈ کے دوران پاکستان ٹیم دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 18 دسمبر کو آکلینڈ، دوسرا 20 دسمبر کو ہیملٹن اور تیسرا میچ 22 دسمبر کو نیپیئر میں کھیلا جائے گا۔

اسی طرح پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے ماؤنٹ ماؤنگنائی اور دوسرا ٹیسٹ تین جنوری سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG