رسائی کے لنکس

مسجد الحرام کرین حادثہ، ہلاک شدگان میں چھ پاکستانی شامل


دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان اپنے دین کے ایک اہم رکن "حج" کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں جن میں لگ بھگ ایک لاکھ پاکستانی بھی شامل ہیں۔

سعودی عرب کی مسجد الحرام میں پیش آنے والے کرین حادثے میں چھ پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ اب بھی دس پاکستانی عازمین حج لاپتا ہیں۔

جمعہ کی شام مکہ میں طوفانی بارش کے دوران مسجد الحرام کے توسیعی منصوبے میں شامل ایک کرین اچانک گر گئی تھی جس سے یہاں موجود کم ازکم 107 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفیر منظور الحق اور دیگر حکام نے مکہ میں مردہ خانے جا کر مرنے والے پاکستانیوں کی لاشوں کی شناخت کی۔

بیان کے مطابق 36 زخمی پاکستانی مکہ کے تین اسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان اپنے دین کے ایک اہم رکن "حج" کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں جن میں لگ بھگ ایک لاکھ پاکستانی بھی شامل ہیں۔

کرین گرنے سے دنیا کی سب سے بڑی مسجد کے کچھ حصے کو نقصان بھی پہنچا لیکن سعودی حکام کے مطابق متاثرہ حصے کو جلد بحال کر لیا جائے گا اور مناسک حج اپنے معمول کے مطابق ہی انجام دیے جائیں گے۔

اس حادثے میں دیگر ہلاک ہونے والوں میں بھارت، ایران، مصر اور انڈونیشیا کے شہری بتائے جاتے ہیں۔

ہفتہ کو سعودی عرب کے فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور اس کے بعد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی۔

XS
SM
MD
LG