رسائی کے لنکس

دوسرا ٹیسٹ: جنوبی افریقہ کی پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

دورہ جنوبی آفریقہ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایک بار پھر مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرا ٹیسٹ میں بھی شکست کھائی ہے۔

کیپ ٹاوٴن میں کھیلے گے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی اپنے نام کر لی ہے۔

دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 177 رنز بنائے جس میں نمایاں کردار کپتان سرفراز احمد کے 56 رنز اور شان مسعود کے 44 رنز تھے۔ جنوبی افریقہ کے اولیویئر نے چار کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 431 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ اس طرح جنوبی افریقہ کو پاکستان پر 254 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔ محمد عامر اور شاہین آفریدی نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے چار، چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

پاکستانی ٹیم کی دوسری اننگز مایوس کن رہی اور پوری ٹیم 294 رنز ہی بنا سکی۔ دوسری اننگز میں اسد شفیق 88 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ بابر اعظم 72 رنز اور شان مسعود نے 61 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کے چھ بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔

جنوبی افریقہ کے اسٹین اور رابادا نے دوسری اننگز میں بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار، چار کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کو میچ میں کامیابی کے لیے 41 رنز کا ہدف ملا جو اس نے کھیل کے چوتھے روز ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا اور یوں وہ یہ میچ نو وکٹوں سے جیت گیا۔

جنوبی افریقہ کے کپتان ڈو پلیسیس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقہ کو فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔ سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 11 جنوری سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG