رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما عہدے سے مستعفی


جیکب زوما نے بدھ کی شب قوم سے خطاب میں اپنے استعفے کا اعلان کیا۔

صدر زوما نے اپنے خطاب میں اپنی جماعت پر عدم شفافیت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت ان اقدامات کی وضاحت کرے جن کی بنیاد پر ان سے استعفیٰ طلب کیا جارہا ہے۔

جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما حکمران جماعت کے شدید دباؤ اور مسلسل مطالبے کے بعد بالآخر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

زوما کو ان کی جماعت 'افریقن نیشنل کانگریس' (اے این سی) نے بدھ کی نصف شب سے قبل استعفیٰ دینے کی ڈیڈلائن دی تھی اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں جمعرات کو ان کے خلاف پارلیمان میں عدم اعتماد کی تحریک لانے کی دھمکی دے رکھی تھی۔

تاہم صدر زوما نے بدھ کی شب ڈیڈلائن ختم ہونے سے ایک گھنٹہ قبل عہدے سے استعفیٰ دے دیا جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

بدھ کی شب قوم سے خطاب کرتے ہوئے جیکب زوما نے کہا کہ گو کہ وہ اپنی جماعت کی قیادت کے فیصلے سے متفق نہیں لیکن وہ ہمیشہ نظم و ضبط کے پابند رہے ہیں اور اسی پابندی کےتحت مستعفی ہورہے ہیں۔

بیس منٹ طویل اپنے خطاب میں صدر زوما نے کہا کہ انہوں نے جنوبی افریقہ کے عوام اور 'اے این سی' کی ساری عمر خدمت کی ہے جو وہ آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

تاہم صدر زوما نے اپنے خطاب میں اپنی جماعت پر عدم شفافیت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت ان اقدامات کی وضاحت کرے جن کی بنیاد پر ان سے استعفیٰ طلب کیا جارہا ہے۔

گو کہ حکمران جماعت نے صدر سے استعفیٰ طلب کرنے کی وجوہات بیان نہیں کیں لیکن عام تاثر یہ ہے کہ صدر کے خلاف بدعنوانی کے بڑھتے ہوئے الزامات اور جاری تحقیقات کے پسِ منظر میں ان سے عہدہ چھوڑنے کا کہا گیا۔

'اے این سی' نے صدر کے استعفے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے نو سالہ دورِ صدارت کے دوران "ان کی خدمات" کا شکریہ ادا کیا ہے۔

صدر زوما کے موجودہ دورِ صدارت کی مدت 2019ء کے وسط میں ختم ہونا تھی لیکن گزشتہ ہفتے 'اے این سی' کی قیادت نے ان سے قبل از وقت عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا۔

'اے این سی' کو حالیہ انتخابات میں خاصا نقصان اٹھانا پڑا ہے جس کی وجہ پارٹی رہنما صدر زوما کی بڑھتی ہوئی عدم مقبولیت کو قرار دیتے ہیں۔

'اے این سی' کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ نئے صدر کا انتخاب جمعے تک عمل میں آجائے گا جس کے بعد جمعے کی شب ہی نومنتخب صدر پارلیمان سے خطاب کرے گا۔

'اے این سی' کے کئی رہنما نئے صدر کے لیے پارٹی کے سربراہ سیرل راما فوسا کی حمایت کر رہے ہیں۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG