بحر منجمد جنوبی میں پیر کے روز ماہی گیری کے لیے استعمال ہونے والی جنوبی کوریا کی ایک کشتی ڈوبنے سے کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشتی پر 42 افراد سوار تھے جن میں سے 18 تاحال لاپتہ ہیں۔ جنوبی کوریا کی ایک اور کشتی نے بیس ماہی گیروں کو ڈوبنے سے بچا لیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والی کشتی پر سوار افراد میں سے آٹھ جنوبی کوریا کے باشندے تھے جب کہ بقیہ کا تعلق چین، انڈونیشیا، ویت نام اور فلپائن سے تھا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے نے اطلاع دی ہے کہ 614 ٹن وزنی کشتی کو یہ حادثہ نیوزی لینڈ کے جنوبی ساحل سے تقریباً تین کلومیٹر دور پیش آیا۔ اس حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔