رسائی کے لنکس

امریکہ: دورانِ پرواز مسافر طیارے کے انجن کا ڈھکنا گر کر پَر سے ٹکرا گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی ایئرلائنز ساؤتھ ویسٹ کے مسافر طیارے کا دورانِ پرواز انجن کا ڈھکنا گر کر پر سے ٹکرا گیا۔ تاہم خوش قسمی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مسافر طیارہ اتوار کو امریکہ کی ریاست کولوراڈو کے شہر ڈینور سے 135 مسافروں کو لے کر ہوسٹن جا رہا تھا کہ اسے حادثہ پیش آیا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کی پرواز 3695 ٹیک آف کے 25 منٹ بعد 10 ہزار 300 فٹ کی بلندی پر پہنچ گئی تھی۔ طیارے کے انجن کا ڈھکن ہٹ کر پر سے ٹکرانے کے واقعے کے بعد مسافر طیارہ بحفاظت ڈینور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتر گیا ہے۔

طیارے میں 135 مسافروں اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے جب کہ واقعے میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کے حکام کا کہنا ہے کہ طیاروں کی دیکھ بھال کرنے والی ٹیمیں متاثرہ طیارے کا جائزہ لے رہی ہیں جب کہ مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے ہوسٹن پہنچا دیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن کی نگرانی کے امریکی وفاقی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ایف اے اے کے ریکارڈ کے مطابق طیارہ جون 2015 میں سروس میں شامل کیا گیا تھا۔ رابطہ کرنے پر ایئر لائن نے یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ طیارے کے انجن کی آخری بار مینٹیننس کب ہوئی تھی۔

وفاقی تحقیقاتی ادارہ ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کے طیاروں کے انجن کے ساتھ گزشتہ ماہ پیش آنے والے دو واقعات کی پہلے کی تحقیقات کر رہا ہے۔

جہاز بنانے والی کمپنی بوئنگ نے واقعے کے بعد پوچھے گئے سوالات کو سائوتھ ویسٹ ایئرلائنز سے کرنے کو کہا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے 'اے بی سی' نیوز نے ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کے طیارے کو پیش آنے والے واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں بوئنگ کمپنی کو اس کے طیارے 737 میکس نائن کے دورانِ پرواز دروازے کے پلگ پینل پھٹ جانے کے بعد سے تنقید کا سامنا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG