یوں تو آپ نے مختلف شادیاں دیکھی بھی ہوں گی اور شرکت بھی کی ہوگی، لیکن دلہن نارمل اور دلہا کسی قسم کی معذوری کا شکار ہو، لیکن پھر بھی دونوں خوشی خوشی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔
’ہم ٹی وی نیٹ ورک‘ کے چینل ’ہم ستارے‘ کے مارننگ شو ’ستارے کی صبح‘ میں میزبان شائستہ لودھی نے ایسی ہی ایک شادی کا اہتمام کیا۔ اس شادی کو نہ صرف انگنت ناظرین نے بلکہ سیاسی شخصیات سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ہستیوں نے بھی سراہا۔
چینل کی جانب سے وائس آف امریکہ کو فراہم معلومات کے مطابق، دلہا شایان جزوی طور پر بینائی سے محروم ہے اور گریجویشن کے بعد ایک کال سینٹر میں نوکری کرتا ہے، جبکہ عروج، شایان کی کزن اور نارمل ہے۔
عروج نے شایان کی معذوری کے باوجود اس سے شادی کا فیصلہ کیا جو ہمارے معاشرے میں ایک غیرمعمولی اور جرات مندانہ فیصلہ تھا۔ عوام تک اس مثبت پیغام کو پہنچانے کے لئے اس خوش و خرم جوڑے کی شادی دھوم دھام سے’صبح کے ستارے‘ میں منعقد کی گئی جس میں تمام رسومات انتہائی اہتمام سے ادا کی گئیں۔
شائستہ لودھی نے اس منفرد جوڑی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ہمیشہ اپنے بچوں سے کہتی ہوں کہ وہ خصوصی توجہ کے مستحق بچوں کو اپنا دوست بنائیں۔ ہمیں انسانیت کی خدمت کو اولیت دینی چاہئے۔ عروج اور شایان کی شادی کے لئے اپنی ٹیم کی شکرگزار ہوں جنہوں نے اس کام میں میری مدد اور حوصلہ افزائی کی۔‘