رسائی کے لنکس

پہلا ٹی20: سری لنکا نے پاکستان کو 37 رن سے ہرادیا


سری لنکا نے پاکستان کو دوٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں 37 رنز سے شکست دیدی ہے۔

ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے میچ میں میزبان سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 132 رن بنائے۔ جواباً پاکستان کی پوری ٹیم اٹھارویں اوور میں صرف 95 رن بنا کر آئوٹ ہوگئی۔

پاکستان نے 133 رن کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ابتدا ہی سے ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اننگز کی پہلی ہی گیند پر کپتان محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے کیچ آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ اگلی گیند پر شکیل عنصر بھی صفر پر آئوٹ ہوگئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 12 کے مجموعی اسکور پر خالد لطیف کی گری جو صرف 3 رن بنا پائے۔ آئوٹ ہونے والے اگلے کھلاڑی سابق کپتان شعیب ملک تھے جو دسویں اوور میں 46 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے۔ انہوں نے 9 رن بنائے۔

پاکستانی کی پانچویں وکٹ تیرہویں اوور میں 68 کے مجموعی اسکور پر گری جب عمر اکمل 12 رن بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اگلے ہی اوور میں سابق کپتان شاہد آفریدی محض 1 رن بنا کر پویلین لوٹے جن کے بعد آنے والے سہیل تنویر بھی ایک رن بنا کر رن آئوٹ ہوگئے۔

لیکن اس مشکل صورتِ حال میں اوپنر محمد شہزاد نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا اور بدستور وکٹ کا ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔

پندرہویں اوور کے اختتام تک پاکستان کا اسکور 7 وکٹوں کے نقصان پر 79 رن تھا جب کہ اسے میچ جیتنے کے لیے 30 گیندوں پر 54 رنز کا بظاہر ناقابلِ حصول ہدف درپیش تھا۔

اس موقع پر پاکستانی شائقین کی آخری امید محمد شہزاد بھی 85 کےمجموعی اسکور پر آئوٹ ہوگئے۔ وہ 36 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ عمر گل اور سعید اجمل 5، 5 رن بنا پائے جب کہ محمد سمیع نے 4 رن بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے کلاسیکارا، ملنگا، میتھیوز اور سینانایک نے 2،2 جب کہ پیریرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پیریرا کو 32 رن ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ا س سے قبل سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کے دونوں ابتدائی بلے باز محض 11 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان جے وردنے صرف دو رنز اور دلشان پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بھی سری لنکا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ وقفے وقفےسے جاری رہا اور 13 ویں اوور کے اختتام تک سری لنکا کے 65 رن پر 5 کھلاڑی آئوٹ ہوچکے تھے۔ سنگا کارا 19، چندی مل 10 اور میتھیوز 9 رن بنا کر پویلین لوٹے۔

لوک رچھی (11)اور تھریمان (30) نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں سری لنکا کے مجموعی اسکور میں 24 رن کا اضافہ کیا لیکن دونوں کھلاڑی 17 ویں اوور کی پہلی اور دوسری گیند پر یکے بعد دیگرے سعید اجمل کا شکار ہوگئے۔

سری لنکا کی جانب سے پیریرا ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے آخری تین اوور میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکا کا اسکور 132 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 16 گیندوں پر 32 رن بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے 3، سعید اجمل نے 2 اور محمد سمیع نے 1 وکٹ حاصل کی۔

محمد حفیظ کی قیادت میں پاکستان کا یہ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ تھا۔سیریز کا اگلا ٹی20 میچ اتوار کو ہمبنٹوٹا میں ہی کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچ بھی کھیلیں گی۔

XS
SM
MD
LG