رسائی کے لنکس

logo-print

سری دیوی بہترین ’مام‘ قرار، ’’سجل اور عدنان تمہارا شکریہ‘‘


بالی وڈ کی میگا اسٹار سری دیوی اب انڈسٹری کی بہترین ’مام‘ بھی قرار پا گئی ہیں اور اپنے اس اعزاز پرانہوں نے پاکستانی آرٹسٹ سجل علی اور عدنان صدیقی کا شکر ادا کیا ہے۔

’زی سنے ایوارڈز‘ کی تقریب میں سری دیوی نے اپنی فلم ’مام‘ پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتا تو پاکستانی اداکارہ سجل علی اور اداکار و ماڈل عدنان صدیقی کا شکریہ ادا کرنا نہ بھولیں۔

’مام‘ میں سجل علی سری دیوی کی بیٹی بنی تھیں، جبکہ عدنان صدیقی نے ان کے شوہر کا کردار ادا کیا تھا۔

ایوارڈ وصول کرنے کے بعد سری دیوی کا کہنا تھا: ’’میں شکریہ ادا کرتی ہوں عدنا ن صدیقی جی اور سجل علی کا۔۔میرے بچے آئی لو یو۔۔ میں تم کومس کرتی ہوں۔۔‘‘

سجل علی نے اپنی فلمی ’مام‘ سری دیوی کی ایوارڈ لیتے ہوئے ویڈیو شیئر کی تھی اور انہیں مبارکباد دینے کے ساتھ یہ بھی کہا تھا کہ وہ سری دیوی کو مس کرتی ہیں۔

فلم سے جڑے ذرائع کے حوالے سے بھارتی اخبار ’دکن کرونکل‘ نے بتایا کہ ’’سری دیوی سجل علی کے بہت قریب ہیں۔ عام طور پر سری دیوی کبھی اپنے ساتھی اداکاروں سے مکس نہیں ہوتیں۔ سیٹ پر مکمل پروفیشنل ہوتی ہیں اور ذاتی زندگی میں بھی کسی کو دوست نہیں بناتیں۔ لیکن، سجل علی سے سری دیوی کا رشتہ اورتعلق بڑا مختلف ہے۔‘‘

ایک ایسے وقت میں جب بالی وڈ میں پاکستانی آرٹسٹوں کے کام کرنے پر پابندی ہے، سری دیوی نے دونوں پاکستانی اداکاروں کے بارے میں اپنے جذبات کا اظہار کرنے میں کسی مصلحت سے کام نہیں لیا۔

فلم ’مام‘ ریلیز ہونے کے بعد بھی سری دیوی نے ایک ویڈیو میں بھرائی ہوئی آواز اور ڈبڈبائی آنکھوں کے ساتھ سجل اور عدنان کے بارے میں کہا تھا کہ میں انہیں مس کروں گی۔ جس طرح انہوں نے کام کیا میں فلم ’مام‘ کو ان کے بغیر سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ امید ہے ہم جلد دوبارہ ملیں گے۔

'مسٹر انڈیا' کی ’ہوا ہوائی‘ نے اپنے شوہر بونی کپور کو جو فلم ’مام کے پروڈیوسر بھی ہیں، انہیں مخاطب کرکے کہا کہ: ’’آپ نے مجھے سلوراسکرین پر’مام‘ بنایا اور حقیقی زندگی میں بھی دو پیاری پیاری بیٹیوں ’خوشی‘ اور ’جھانوی‘ کی خوشی دی۔۔ اس کے لئے شکریہ۔۔‘‘

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG