رسائی کے لنکس

سری لنکا: فان سیکا کی گرفتاری کے خلاف اپیل کی اجازت


سری لنکا کی سُپریم کورٹ نے ہارے ہوئے صدارتی اُمیدوار سرتھ فان سیکا کے حامیوں کو یہ اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپیل دائر کر کے اُن کی گرفتاری کو چیلنج کرسکتے ہیں۔

عدالت نے جمعے کے روز اس مسئلے پر 23 فروری کو سماعت کی راہ ہموار کر دی ہے۔ عدالت نے حکومت کو یہ حکم بھی دیا ہے کہ وہ فان سیکا کے اہلِ خاندان کو اُن سے ملاقات کرنے اور فان سیکا کو اپنی دوائیں وصول کرنے کی اجازت دے۔

یہ اجازت حاصل کر نے کے لیے فوج کے سابق سربراہ کی بیوی نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ اس سے پہلے پیر کے روز حکام نے حکومت کے خلاف سازش کرنے کے الزام میں فان سیکا کو گرفتار کر لیا تھا۔

اسی دوران حزبِ اختلاف کے لیڈر رانیل وِکرما سنگھے نے فان سیکا کو رہا کرنے کی ایک کوشش کے طور پر جمعے کے روز صدر مہندا راجاپاکسے سے ملاقات کی ہے۔
فان سیکا کی گرفتاری کے نتیجے میں اس ہفتے کولمبو میں تشدّد آمیز جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔
جمعرات کے روز پولیس نے فوج کے سابق سربراہ کے سینکڑوں حامیوں کو منتشر کرنے کے لیے ڈنڈے استعمال کیے تھے۔ اس سے پہلے بدھ کے روز بھی پولیس نے سُپریم کورٹ کے باہر ایسے ہی ایک احتجاجی مظاہرے کو آنسو گیس اور تیز دھار پانی کی توپ استعمال کرتے ہوئے منتشر کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG