رسائی کے لنکس

بیگم پر تشدد کا خمیازہ، بھارتی سفارت کار وطن واپس


بھارتی سفارت کار انیل ورما
بھارتی سفارت کار انیل ورما

بھارت نے برطانیہ میں تعینات اپنے اس سفارت کار کو واپس بلا لیا ہے جس پر ان کی اہلیہ نے گھریلو تشدد کا الزام عائد کیا تھا۔

بھارتی حکام نے پیر کے روز صحافیوں کو بتایا کہ برطانیہ میں تعینات انیل ورما نامی سفارت کار واپس دارالحکومت نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔

اس سے قبل برطانوی حکام نے لندن کے بھارتی ہائی کمشنر سے ورما کو حاصل سفارتی استثنیٰ ختم کرنے کی درخواست کی تھی۔ حکام کا کہنا تھا کہ ورما کی اہلیہ کی جانب سے ان پر عائد کردہ الزامات کو برطانوی حکام نے سنجیدگی سے لیا ہے اور وہ ورما سے اس معاملے کی تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔

انیل ورما کی اہلیہ
انیل ورما کی اہلیہ

گزشتہ ماہ 45 سالہ بھارتی سفارت کار نے لندن میں واقع رہائش گاہ پر اپنی بیوی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ 11 دسمبر کو پیش آنے والے واقعہ کی اطلاع پولیس کو اس وقت ملی تھی جب ورما کے پڑوسیوں نے گھر سے بلند ہونے والی چیخوں کی آوازوں کے بعد پولیس کو رپورٹ کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ جب پولیس بھارتی سفارت کار کے گھر میں داخل ہوئی تو وہاں ان کی بیگم زخمی حالت میں موجود تھیں اور ان کے چہرے سے خون بہہ رہا تھا۔

بعد ازاں جب برطانوی پولیس نے واقعے کی تفتیش کے لیے ورما سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے خود کو حاصل سفارتی استثنیٰ کا سہارا لیتے ہوئے پولیس سے تعاون کرنے سے انکار کردیا ۔

برطانوی میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق بھارتی سفارت کار کی اہلیہ اپنے خاوند کی جانب سے تشدد کا نشانہ بننے کے بعد اپنے پانچ سالہ بیٹے کے ہمراہ روپوش ہوگئی تھیں۔ ایک برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون نے انسانی بنیادوں پر برطانیہ میں مستقل قیام کی اجازت حاصل کرنے کےلیے درخواست دائر کردی ہے۔

XS
SM
MD
LG