رسائی کے لنکس

سری دیوی کی میت بھارت پہنچ گئی


ممبئی ایئر پورٹ کے باہر سری دیوی کی میت کے منتظر سوگواروں کا ہجوم ، 27 فروری 2018
ممبئی ایئر پورٹ کے باہر سری دیوی کی میت کے منتظر سوگواروں کا ہجوم ، 27 فروری 2018

وسیم صدیقی

ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب انتقال کر جانے والی بھارتی اداکارہ سری دیوی کی میت بدھ کی رات بھارتی شہر ممبئی پہنچ گئی۔ ان کی آخری رسومات بدھ کو ادا کی جائیں گی۔

میت لانے والے نجی طیارے نے بھارت کے مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے نو بجے کے قریب ممبئی کے چھترپتی شیواجی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ بالی ووڈ ایکٹر اور سری دیوی کے دیور انیل کپور، اہل خانہ اور کچھ قریب دوست میت کو وصول کرنے کے لیے ائیرپورٹ پر موجود تھے۔

ائیرپورٹ سے میت کو اندھیری ممبئی میں واقع ان کی رہائش گاہ پر لایا گیا ۔جہاں پچھلے تین دن سے ان کے عزیزوں، دوستوں اور ساتھی فنکاروں کی آمد و رفت کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ اب تک فلم انڈسٹری سے وابستہ سینکڑوں افراد ان کی رہائش گاہ پر آ کر اظہار تعزیت کرچکے ہیں۔

سری دیوی ٹورنٹو کینیڈا کے ایک فلم فیسٹول میں۔ فائل فوٹو
سری دیوی ٹورنٹو کینیڈا کے ایک فلم فیسٹول میں۔ فائل فوٹو

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس، ہندوستان ٹائمز، ٹائمز ناؤ اور دیگر چینلز کے مطابق سری دیوی کے لئے تعزیتی اجلاس 28فروری کو ممبئی کے سلیبریشن اسپورٹس کلب میں بدھ کی صبح منعقد ہوگا، جس کے بعد دوپہر دو بجے سری دیوی کی میت کو جلوس کی شکل میں ممبئی کے علاقے ویلے پارلے میں سیوا سماج سرسماٹوریم یعنی شمشان گھاٹ پہنچا یا جائے گا جہاں سہ پہر تین بجے سے 5بجے کے درمیان ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

اس سے قبل ان کا جسد خاکی منگل کی شام تمام ضروری کارروائیوں کے بعد دبئی سے ممبئی روانہ کیا گیا۔ سری دیوی کی موت دبئی کے ایک ہوٹل قیام کے دران ہوئی جہاں وہ اپنے بھانجے موہت کی شادی میں شرکت کے لئے ٹھہری ہوئی تھیں۔

سری دیوی کی اچانک موت کے بارے میں تحقیقات مکمل کرنے کے بعد دبئی پولیس نے منگل کو رپورٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ سری دیوی ہوٹل کے باتھ روم میں بے ہوش ہونے کے بعد باتھ ٹب میں ڈوب کر ہلاک ہوئیں۔

پولیس نے منگل کو سری دیوی کا کیس بند کرتے ہوئے میت لواحقین کے حوالے کی جسے ایک پرائیو ٹ چارٹرڈ طیارے میں دبئی سے ممبئی کے لئے روانہ کیا گیا۔

سری دیوی کی 300ویں اوراب تک ریلیز ہونے والی آخری فلم’ مام‘تھی جس میں انہوں نے پاکستانی آرٹسٹوں عدنان صدیقی اورسجل علی کے ساتھ کام کیاتھا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سری دیوی اپنے جس بھانجے کی شادی میں شرکت کے لئے دبئی گئیں تھیں اس میں عدنان صدیقی بھی مدعو تھے۔

سری دیوی، فائل فوٹو
سری دیوی، فائل فوٹو

عدنان صدیقی نے’ خلیج ٹائمز ‘کو انٹرویو میں بتایا کہ جب سری دیوی کے انتقال کی خبر ملی تو میں تصدیق کے لئے ان کے ہوٹل گیا۔ پولیس تفتیش کے باعث مجھے آدھے گھنٹے بعد بونی کپور سے ملنے کی اجازت دی گئی ۔ جب میں بونی کپورکے پاس گیا تو وہ بچوں کی طرح پھوٹ پھوٹ کر رو رہے تھے۔

سری دیوی نے1996میں بونی کپورسے شادی کی تھی جن سے ان کی دوبیٹیاں خوشی کپوراورجھانوی کپورہیں۔ سری دیوی نے ہندی فلموں کے ساتھ ساتھ تامل،تیلگو،ملیالم اورکنٹر زبانوں کی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

سری دیوی کی پندرہ سال کے وقفے کے بعد کم بیک فلم’ انگلش ونگلش‘اور’مام‘شامل ہیں ، جبکہ شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’زیرو‘ ان کی آخری فلم ہوگی جس میں انہوں نے مہمان اداکارہ کے طور پر کام کیا ہے جو ظاہر ہے کہ اب ان کی موت کے بعد ریلیز ہوگی۔

سری دیوی کے سوگ میں انڈسٹری کا ماحول غم زدہ ہے، فلموں کی شوٹنگز رکی ہوئی ہیں، جبکہ بہت سی تقربیات کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔ان کی رہائش گاہ کے باہر ان کے پرستاروں کی ایک بہت بڑی تعداد اپنی فیورٹ اسٹارکو الوداع کہنے کے لئے موجود ہے۔

XS
SM
MD
LG