رسائی کے لنکس

logo-print

ماہرہ خان سے مزید سیکھنے کو ملے گا، شاہ رخ خان


شاہ رخ خان نے کھلے دل سے تسلیم کیا کہ "جب کاسٹ میں ماہرہ خان اور نواز الدین صدیقی جیسے عمدہ اداکار ہوں تو سیکھنے کوملتا ہے اور پرفارمنس میں بھی نکھار آتا ہے۔"

اپنی جان دار اداکاری اورشاندار پرفارمنس کے عوض کروڑوں لوگوں کے دلوں پرراج کرنے والے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی آنے والی فلم ’رئیس‘ میں ماہرہ خان اور نواز الدین صدیقی کی بدولت پرفارمنس بہتر بنانے میں مدد ملے گی اورمزید سیکھنے کا موقع ملے گا۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کھلے دل سے تسلیم کیا کہ "جب کاسٹ میں ماہرہ خان اور نواز الدین صدیقی جیسے عمدہ اداکار ہوں تو سیکھنے کوملتا ہے اور پرفارمنس میں بھی نکھار آتا ہے۔"

ان کا کہنا تھا کہ فلم ’رئیس‘ میں ماہرہ خان سے لے کر ذیشان ایوب تک سب نے اچھی اداکاری کی۔ ’رئیس‘ باصلاحیت اداکاروں کی حقیقت سے قریب فلم ہے۔ میں بھی ان اداکاروں سے سیکھنے اور خوب سے خوب ترپرفارمنس دینے کی کوشش کررہا ہوں۔‘

’رئیس‘ میں شاہ رخ خان گجراتی گینگسٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ماہرہ خان شاہ رخ کی بیوی جبکہ نواز الدین صدیقی پولیس انسپکٹر کے روپ میں دکھائی دیں گے۔

’رئیس‘ کے ڈائریکٹر راہول ڈھولکیا ہیں۔ فلم رواں سال عید پر ریلیز ہوگی۔ اسی فلم سے ماہرہ خان اپنے بالی وڈ کیریئر کا آغاز کریں گی۔

XS
SM
MD
LG