رسائی کے لنکس

امریکی محکمہ خارجہ کی پاکستان کے انتخابات سے متعلق تشدد کی مذمت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے معمول کی پریس بریفنگ میں سوالوں کا جواب دیتے ہوئے زور دیا کہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کو کرنا ہے۔ انہوں نے الیکشن سے متعلق تشدد کے تمام واقعات کی شدید مذمت کی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آج لاکھوں پاکستانی ووٹ ڈالنے کے لیے گئے۔ اور میں اس بات کو دوہراؤں گا کہ پاکستان کے مستقبل کی قیادت کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے اور ہماری دلچسپی جمہوری عمل کے جاری رہنے میں ہے۔

انہوں نے کہا ہم انتخابات سے پہلے کے ہفتوں کے ساتھ ساتھ الیکشن کے دن پیش آنے والے تشدد کے تمام واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انتخابات کے دن موبائل فون اور انٹرنیٹ پر پابندی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں پٹیل کا کہنا تھا کہ ہم پولنگ کے دن پورے پاکستان میں انٹرنیٹ اور موبائل فون تک رسائی پر پابندیوں کی رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر جمہوری اداروں کی اہمیت، آزاد پریس، ایک فعال سول سوسائٹی اور تمام پاکستانیوں کے لیے سیاسی شرکت کے وسیع مواقع تک رسائی پر زور دیتے رہیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں محکمہ خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کے انتخابات سے منسلک تشدد کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے انتخابات سے متعلق تشدد کی رپورٹس بھی دیکھی ہیں جن کا تعلق الیکشن کے دن اور اس سے پہلے کے ہفتوں سے ہے۔ اور ان پر مسلسل خدشات ہیں اور ان کے بارے میں ہمیں یقین ہے کہ ان سے متعدد سیاسی جماعتیں متاثر ہوئیں، لیکن میں ایک بار پھر یہ کہوں گا کہ میں اس سے آگے جانا نہیں چاہتا اور یہ واقعتاً یہ پاکستانیوں پر منحصر ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔

فورم

XS
SM
MD
LG