رسائی کے لنکس

پرکشش چہرہ پانے کے لیے وزن کم کرنا ضروری: نئی تحقیق


نئی تحقیق میں سائنس دانوں نے چہرے کی خوبصورتی کو سائنسی پیمانے پر پرکھنے کے بعد یہ نتیجہ نکالا ہے کہ اگر آپ اپنے چہرے کو مزید پرکشش بنانا چاہتے ہیں تو چہرے پر سے چربی کو کم کرنا ہوگا

کہاوت ہے کہ خوبصورتی دیکھنے والے کی آنکھوں میں ہوتی ہے۔ تاہم، چہرے کی خصوصیات جو ایک چہرے کو پرکشش بناتی ہیں نا صرف ہر چہرے کے لیے مختلف ہوتی ہیں بلکہ صنف کے اعتبار سے بھی مختلف ہیں۔

نئی تحقیق میں سائنس دانوں نے چہرے کی خوبصورتی کو سائنسی پیمانے پر پرکھنے کے بعد یہ نتیجہ نکالا ہے کہ اگر آپ اپنے چہرے کو مزید پرکشش بنانا چاہتے ہیں تو چہرے پر سے چربی کو کم کرنا ہوگا۔

جیسا کہ ہم سبھی جانتے ہیں کہ بھرا بھرا چہرہ اچھی صحت کی علامت تصور کیا جاتا ہے، تازہ ترین مطالعے کے نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ چہرے کی خصوصیات کو مزید پرکشش بنانےکے لیے اوسط وزن رکھنے والے مرد اور خواتین کو بھی اپنے وزن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

نئی تحقیق میں یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے شعبہٴ علم نفسیات سے وابستہ سائنس دان کہتے ہیں کہ حیاتیاتی نقطہ نظر سے چہرے کی خصوصیات انسان کی صحت کا ایک اشارہ ہیں جو ہمیں باخبر کرتی ہےکہ ہم کتنے صحت مند ہیں۔

تاہم، چہرے پر بڑھتی ہوئی چربی کو مدافعتی نظام کی کمزوری، سانس کی بیماریوں، دل کی بیماریوں اور قبل از وقت اموات کے خطرے سے منسلک کیا جاتا ہے۔

تحقیق کے شریک مصنف نکولس رول نے کہا کہ سماجی میل جول کےحوالے سے چہرہ جسم کا ایک اہم حصہ ہے۔ تاہم، اِن دِنوں چہرہ مجموعی طور پرخوبصورتی کی علامت بن گیا ہے اس کے باوجود یہ کہنا درست ہوگا کہ انسان کی خوبصورتی اس کےچہرے سے زیادہ اس کے دل میں چھپی ہوتی ہے۔ لیکن، اگر آپ اپنے دل کی طرح چہرے کو بھی پرکشش دیکھنا چاہتے ہیں تو مرد اور خواتین دونوں کو وزن کم رکھنا چاہیئے۔

پروفیسر نکولس رول نے کہا کہ چہرے کو زیادہ پرکشش بنانے کے لیے ایک خاتون کو تقریبا سات کلو وزن کم کرنا چاہیئے جبکہ مردوں کے لیے یہ ٹاسک اور بھی زیادہ مشکل ہے جنھیں چہرے کی خصوصیات کو مزید پرکشش بنانے کے لیے تقریباً ساڑھے آٹھ کلو وزن کم کرنے کی ضرورت ہے۔

سائنسی رسالہ 'پلوس ون'میں شائع ہونے والی تحقیق کے نتائج میں انھوں نے کہا کہ ایک اوسط وزن اور قد رکھنے والی خواتین کو کم از کم ساڑھے تین کلو اور ایک اوسط قد اور وزن کے حامل مرد کو 4کلو گرام وزن کم کرنا چاہیئے اور اس کے نتائج ہر کوئی اپنے چہرے پر دیکھ سکتا ہے۔

یونیورسٹی آف ٹورنٹو سے وابستہ پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلو ڈاکٹر ڈینیئل رئے اور ان کے ساتھی محققین اپنے مطالعے میں یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ ایک اوسط شخص کو زیادہ پرکشش نظر آنے کے لیے کتنا وزن کم کرنے کی ضرورت ہے۔

اس مقصد کے لیے محققین نے 20سے 40 برس کے اوسط وزن اور قد کے رکھنے والے مرد اور خواتین کے چہروں کا مجموعہ تخلیق کیا اور وزن میں اضافے کے ساتھ ان کے چہرے پر چربی شامل کی گئی۔

کینیڈا میں ایک اوسط وزن اور قد کی 20 سے 29 سالہ خاتون کا وزن تقریباً 60 کلو تھا اور ایک 20سے 30 برس کے اوسط مرد کا وزن تقریبا 76 کلو گرام تھا۔

محققین نے دیکھا کہ تخلیق کئے جانے والے چہروں کو زیادہ پرکشش بنانے کے لیے عورتوں اور مردوں کو تین یا چار کلو سے دوگنا وزن کم کرنے کی ضرورت ہے، یعنی ایک اوسط قد اور وزن رکھنے والی عورت کو تقریبا 14 کلو گرام یا سات کلو وزن کم کرنے کی ضرورت تھی جبکہ ایک اوسط قد اور وزن رکھنے والے مرد کو تقریبا 18 پاونڈ یا ساڑھے آٹھ کلو گرام وزن میں کمی کی ضرورت تھی۔

ڈاکٹر ڈینئیل کے مطابق انھیں مردوں اور عورتوں کے گروپوں کے درمیان فرق ملا ہے یعنی خواتین کے چہرے وزن میں تبدیلیوں کے لیے زیادہ حساس ہو سکتی ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ جو خواتین وزن کم کرنا چاہتی ہیں وہ مردوں کے مقابلے میں کچھ کلو وزن کم کر کے خود کو زیادہ پرکشش بنا سکتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ تحقیق مردوں اور عورتوں دونوں کو وزن میں کمی کرنے کے لیے حوصلہ افزائی فراہم کرئے گی، جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ کچھ لوگ صحت کو بہتر بنانے کے مقابلے میں زیادہ پرکشش نظر آنے کے لیے وزن میں کمی کی سفارشات پر عمل کر لیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG