رسائی کے لنکس

تصفیے کے بعد سوئز کینال میں پھنسنے والا بھاری مال بردار جہاز بحیرۂ روم روانہ


پاناما کا پرچم بردار سمندری جہاز سوئز کینال سے پورٹ سعید کے لیے روانہ ہو رہا ہے۔ 6 جولائی 2021
پاناما کا پرچم بردار سمندری جہاز سوئز کینال سے پورٹ سعید کے لیے روانہ ہو رہا ہے۔ 6 جولائی 2021

مصر کے حکام نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز طے پانے والے تصفیے کے نتیجے میں اس سال کے اوائل میں تقریباً ایک ہفتے تک سوئز کینال میں پھنسے رہنے والے سمندری جہاز کو بحیرہ روم کے لیے روانہ ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

بڑے حجم کا مال بردار سمندری جہاز 'ایور گیون' Ever Given کینال کی گریٹ بٹِر لیک سے روانہ ہو چکا ہے، جہاں اسے مالی تنازع کے بعد تین ماہ سے زیادہ عرصے تک روک دیا گیا تھا۔

سمندری جہاز کے مالک جاپانی ادارے، 'شوئی کسین کائشا لمیٹڈ' اور کینال کے حکام کے مابین تصفیہ ہوا، جس کے لیے کئی ہفتوں تک بات چیت اور تعطل کا سلسلہ جاری رہا۔

حکام نے تصفیے کی تفصیل نہیں بتائی۔ سوئز کینال اتھارٹی نے ابتدائی طور پر 90 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا معاوضہ طلب کیا تھا، جسے بعدازاں گھٹا کر 55 کروڑ ڈالر کر دیا گیا تھا۔ مقامی اطلاعات کے مطابق، رقم کے معاوضے کے علاوہ کینال کو ایک ٹگ بوٹ بھی دی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ گفت و شنید کے بعد ایک باضابطہ سمجھوتے پر بدھ کو سوئز کینال کے شہر اسماعیلیہ میں دستخط ہوئے، جس کے بعد سمندری جہاز بحیرہ روم کے لیے روانہ ہو گیا۔

مال بردار بحری جہاز نہر سوئز میں پھنسا ہوا ہے۔ 29 جولائی 2021
مال بردار بحری جہاز نہر سوئز میں پھنسا ہوا ہے۔ 29 جولائی 2021

اپنی ایک رپورٹ میں ٹگ بوٹ میں موجود خبر رساں ادارے، ایسو سی ایٹڈ پریس کے نمائندے نے لنگرانداز جہاز کو بحیرہ روم روانہ ہونے کی منظر کشی کی ہے، جس سے قبل اسماعیلیہ میں سوئز کینال کے اہلکاروں اور بھاری سمندری جہاز کے مالک کی جانب سے سمجھوتے پر دستخط کیے جانے کے تقریب دکھائی گئی ہے۔

شوئی کسین کائشا لمیٹڈ نے بتایا ہے کہ بحیرہ روم میں واقع مصر کے شہر، بندر سعید میں جہاز کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جائے گی، جس کے بعد اسے اگلے پورٹ روانہ ہونے کی اجازت دی جائے گی، جہاں جہاز پر لدا ہوا سامان اتارا جائے گا۔

بدھ کو ہونے والی اس پیش رفت سے ایک روز قبل جہاز کے مالک اور انشورنس کمپنی اور سوئز کینال اتھارٹی کی جانب سے طے پانے والے سمجھوتے کے پیش نظر مصر کی عدالت نے جہاز پر عائد پابندی ہٹانے کے احکامات جاری کیے تھے۔

کینال کے حکام کے مطابق، معاوضے سے ملنے والی یہ رقم سمندری جہاز کو کینال سے ہٹانے کے کام پر ہونے والے اخراجات، کینال میں تعطل کا شکار جہاز رانی پر اٹھنے والی لاگت، اور چھ روز تک 'ایور گیون' کے پھنسے رہنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی دیگر مشکلات کے عوض بطور معاوضہ لی گئی ہے۔

پاناما کا پرچم بردار یہ جہاز 23 مارچ کو ڈنمارک کی پورٹ روٹرڈم کے لیے رواں تھا، جب یہ چھ روز تک سوئز شہر کے قریب کینال میں داخلے کے جنوبی مقام سے تقریباً چھ کلومیٹر (تین اعشاریہ 7 میل) دور نہر میں پھنسا رہا، جس کے نتیجے میں کینال کی آمد و رفت بُری طرح سے متاثر ہوئی۔

XS
SM
MD
LG