رسائی کے لنکس

شمالی کوریا کے راہنما سے ملاقات کا ’’وقت اور مقام‘‘ طے ہو چکا ہے: ٹرمپ


امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز کہا ہے شمالی کوریا کے سربراہ، کِم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات کا ’’وقت اور مقام طے ہو چکا ہے‘‘۔

ریاست ٹیکساس کے جنوبی شہر، ڈیلس روانہ ہونے سے قبل، ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے لان پر اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’’اب ہمارے پاس تاریخ اور مقام کا معاملہ طے ہو چکا ہے‘‘۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ ’’اس تاریخی سربراہ اجلاس سے متعلق تفاصیل کا اعلان بہت جلد کیا جائے گا‘‘۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان ’’انتہائی بنیادی نوعیت کی بات چیت‘‘ جاری ہے۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ ’’یرغمالیوں کے ضمن میں بہت ساری باتیں پہلے ہی ہو چکی ہیں‘‘؛ جس سے اس بات کا مزید عندیہ ملتا ہے کہ شمالی کوریا زیر حراست تین کوریائی نژاد امریکیوں کو بہت جلد رہا کر سکتا ہے۔

نیویارک کے سابق میئر، روڈی گُلیانی حال ہی میں ٹرمپ کے قانونی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے اِسی ہفتے کہا تھا کہ جمعرات کو زیر حراست امریکیوں کو رہا کیا جائے گا۔

امریکی حکومت اِن اطلاعات کا جائزہ لے رہی ہے جن میں بتایا گیا ہے کہ یرغمالیوں کو رہا کرکے بیگار کیمپ سے شمالی کوریا کے دارالحکومت پیونگ یونگ کے قریب واقع ایک ہوٹل پہنچا دیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG