رسائی کے لنکس

بگ تھری کی ناکامی کے بعد 'سپر سیریز' کی چہ مگوئیاں


بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور ایک اور ٹاپ ٹیم پر مشتمل 'سپر سیریز' کا انعقاد 2021 سے ہونے جا رہا ہے۔ (فائل فوٹو)
بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور ایک اور ٹاپ ٹیم پر مشتمل 'سپر سیریز' کا انعقاد 2021 سے ہونے جا رہا ہے۔ (فائل فوٹو)

بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی نے انکشاف کیا ہے کہ 2021 سے 'سپر سیریز' کا انعقاد ہونے جا رہا ہے جس میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ سمیت ایک اور ٹاپ ٹیم شامل ہو گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سارو گنگولی کا کوکلکتہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا مجوزہ 'سپر سیریز' کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈز سے رابطے میں ہے۔

مجوزہ سیریز کے خدو خال بتاتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ سیریز کا آغاز 2021 سے ہوگا اور پہلے ایونٹ کی میزبانی بھارت کرے گا۔ وقفے وقفے سے سیریز کی میزبانی سیریز کے دیگر رکن بھی کریں گے۔

سارو گنگولی، سیکریٹری جے شاہ اور خزانچی ارون دھومل نے رواں ماہ کے آغاز پر انگلش کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات کی تھی جس میں 'سپر سیریز' کے منصوبے پر بات چیت کی گئی تھی۔

انگلینڈ کے کرکٹ بورڈ نے بھی تصدیق کی ہے کہ حال ہی میں حکام نے سارو گنگولی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے دیگر حکام سے ملاقات کی ہے جس میں چار ٹیموں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ مجوزہ سیریز پر آئی سی سی کے دیگر رکن ممالک سے بات کی جاسکتی ہے اور وہ اس سلسلے میں ہر کسی سے بات کے لیے تیار ہیں۔

آئندہ برس جنوری میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی۔ اسی دورے کے دوران کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹ بھی بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی سے ملاقات کریں گے۔

اس سے قبل 2014 میں کرکٹ میں ایک تنازع نے اُس وقت جنم لیا تھا جب آئی سی سی کے تین بااثر کرکٹ بورڈذ نے بگ تھری منصوبے پر عمل آمد شروع کیا تھا۔

کرکٹ پر گہری نظر رکھنے والے ڈینیل بریٹگ اپنے ایک ٹوئٹ میں کہتے ہیں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی سپر سیریز کی تجویز آئی سی سی ممبرز معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ ان کے بقول، یہ اسی طرح کا معاملہ ہے جو 2014 میں بگ تھری کی صورت میں سامنے آیا تھا۔

اس منصوبے کے تحت انگلینڈ، آسٹریلیا اور بھارت کے کرکٹ بورڈز کو آئی سی سی کے ممبرز ملکوں کے مقابلے میں آمدنی کا بڑا حصہ ملنا تھا۔ تاہم بعض کرکٹ بورڈذ کی شدید مخالفت کے باعث بگ تھری منصوبے پر عمل درآمد نہیں ہوسکتا تھا۔

سپر سیریز میں ایک مرتبہ پھر بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ساتھ ایک اور ٹاپ ٹیم شامل کر کے ایونٹ کے انعقاد پر کرکٹ کے حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

XS
SM
MD
LG