رسائی کے لنکس

دنیا کی سب سے زیادہ قابلِ تعریف شخصیات: سروے رپورٹ


پاکستانی عام جائزہ رپورٹ کے مطابق، 10 قابل تعریف شخصیات کی فہرست میں سابق پاکستانی کرکٹر اور سیاستدان عمران خان کو سب سے زیادہ پسندیدہ ہستی قرار دیا گیا ہے، جن کے بعد بل گیٹس کو عوامی حلقوں میں سب سے زیادہ سراہا گیا ہے

ایک عالمی سروے رپورٹ میں دنیا کی سب سے زیادہ سراہے جانے والی شخصیات کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے مطابق ، مائیکروسافٹ کے بانی اور انسان دوست شخصیت بل گیٹس کو دنیا کی سب سے زیادہ قابل تعریف ہستی قرار دیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں سب سے زیادہ سراہے جانے والی دوسری شخصیت کا اعزاز امریکی صدر براک اوباما کو حاصل ہوا ہے، ان کے بعد تیسری من پسند شخصیت کے طور پر روسی صدر ولا دیمیر پوٹن کو چنا گیا ہے۔

برطانوی اخبار ’ٹائمز آف لندن‘ کی رپورٹ کے مطابق، انٹرنشنل سروے کمپنی 'یو گو' نے آبادی کے لحاظ سےدنیا کے 13 بڑے ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریبا 14,000 ہزار افراد کی رائے پر مشتمل اعداد و شمار بذریعہ انٹرنیٹ اور ٹیلی فون جمع کئے۔

سروے کے لیے برطانیہ، فرانس، جرمنی، روس، امریکہ، پاکستان، چین، ہندوستان، انڈونیشیا، آسٹریلیا، نائجریا، مصر اور برازیل کے عوام سے دو سوالات پوچھے گئے کہ،’ آپ کی نظر میں دنیا کی سب سے مقبول شخصیت کون ہے؟‘

دوسرے سوال میں پوچھا گیا کہ، ’ذاتی طور پر آپ کس شخصیت کو قابل تعریف سمجھتے ہیں؟‘

رائے عامہ کے جائزے کے مطابق، دنیا بھر سے 30 مقبول قابل تعریف شخصیات کا انتخاب کیا گیا۔ ’یو گو‘ کی جانب سے سروے کا حصہ بننے والے ہر ملک کی 10 من پسند ہستیوں کے ناموں پر مشتمل فہرستیں بھی جاری کی گئی ہیں۔

دنیا بھر میں فلاحی تنظیموں اور سائنسی تحقیق کے لیے دل کھول کر عطیہ دینے والی شخصیت بل گیٹس کو سروے میں حصہ لینے والے تمام ممالک میں عوامی پسندیدگی کے لحاظ سے نمایاں مقام حاصل ہوا۔ بلکہ، چینی عوام نے انھیں اپنی پہلی پسندیدہ شخصیت قرار دیا۔

امریکی صدر براک اوباما اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو عالمی سروے کے نتیجے میں دنیا کی دوسری اور تیسری ہر دلعزیز شخصیات کے طور پر چنا گیا۔ اُن کے علاوہ، دنیا بھرمیں پوپ فرانسس کو چوتھے نمبر پر سراہے جانے والی شخصیت قرار دیا گیا ہے۔

کھیلوں کی دنیا سے انڈین کرکٹر سچن ٹنڈو لکر کو قابل تعریف شخصیات کی فہرست میں پانچویں جگہ ملی ہے ان کے علاوہ بولی وڈ آئیکون، امیتابھ بچن کو دنیا کی سب سے زیادہ پسندیدہ شخصیت کے طور پر نواں نمبرحاصل ہوا۔

عالمی قابل تعریف شخصیت کے طور پر پاکستانی سابق کرکٹر اور سیاستدان عمران خان کو 12 واں نمبر پر منتخب کیا گیا ہے۔

کھیلوں کی دنیا سے پسندیدگی کے اعتبار سے سچن ٹنڈولکر کے علاوہ ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے فٹ بالر لیونل مسی کا نمبر 15 واں ہے۔ باسکٹ بال کھلاڑی مائیکل جارڈن 21 ویں اور پرتگالی فٹ بالر کرسٹینو رونالڈو اس فہرست میں 22 ویں نمبر پر شامل کئے گئے ہیں۔

عالمی سطح پر چاہے جانے والی ہستیوں کی فہرست میں صرف 6 خواتین جگہ حاصل کر سکی ہیں، جن میں ملکہ الزیبیتھ 17 ویں، امریکی ٹاک شو کی میزبان اوپرا ونفرے20 ویں، جرمن چانسلر انجیلا مرخیل 26 ویں اور سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن 27 ویں نمبر پر پسندیدہ شخصیات بتائی گئی ہیں۔

برطانوی سروے رپورٹ کے مطابق، عوام کی جانب سے برطانیہ کی سب سے زیادہ قابل تعریف ہستی ملکہ برطانیہ کو قرار دیا گیا ہے، جِن کے بعد عوامی پسندیدگی کے لحاظ سے براک اوباما، پوپ فرانسس، سر رچرڈ برانسن، دالائی لامہ، بل گیٹس، شہزادہ ولیم اور ڈیوڈ بیکھم کے ناموں کو شامل کیا گیا ہے ۔

پاکستانی پول کے نتیجے کے مطابق، 10 قابل تعریف شخصیات کی فہرست میں سابق کرکٹر اور سیاستدان عمران خان کو سب سے زیادہ پسندیدہ ہستی قرار دیا گیا ہے، جن کے بعد، بل گیٹس کو عوامی حلقوں میں سب سے زیادہ سراہا گیا ہے۔

سماجی کارکن عبدالستار ایدھی اور سابق پاکستانی صدر پرویز مشرف کو پاکستانی عوام نے پسندیدہ شخصیات کی فہرست میں میں تیسرے اور چوتھے نمبر پر پسند کیا ہے۔ اُن کے علاوہ، اس فہرست میں پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف اور تعلیمی مہم سے وابستہ عالمی شہرت یافتہ ملالہ یوسفزئی کو پاکستان کی سب سے زیادہ سراہی جانے والی شخصیات کے اعتبار سے ساتویں اور آٹھویں نمبر پر منتخب کیا گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG