رسائی کے لنکس

مشی گن فائرنگ میں ملوث مشتبہ شخص گرفتار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

حکام نے ہفتے کو دیر گئے کالامزو شہر میں ہونے والے فائرنگ میں ملوث ہونے کے شبے میں 45 سالہ جیسن ڈالٹن کو اتوار کی صبح کو گرفتار کیا۔ اس واقعہ میں چھ افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔

امریکہ کی شمالی ریاست مشی گن میں ایک مہلک حملے میں ملوث مشتبہ شخص کو پیر کو عدالت پیش کیا جائے گا اور اس پر قتل کے متعدد الزامات عائد کیے جائیں گے۔

حکام نے ہفتے کو دیر گئے کالامزو شہر میں ہونے والی فائرنگ میں ملوث ہونے کے شبے میں 45 سالہ جیسن ڈالٹن کو اتوار کی صبح گرفتار کیا تھا۔ اس واقعہ میں چھ افراد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔

کالامزو کاؤنٹی کے پراسیکیوٹر جیف گیٹنگ نے کہا کہ لوگوں کو بلاوجہ قتل کرنا ’’ہر معاشرے کے لیے ایک بھیانک خواب ہے۔‘‘

جیسن ڈالٹن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی پرائیویٹ کمپنی 'اوبر' کے لیے کام کرتا ہے۔ کمپنی کے چیف سکیورٹی آفیسر جو سُلیوان نے ایک بیان میں کہا کہ اوبر اس بلاجواز تشدد پر نہایت افسردہ ہے اور اس نے تفتیش کاروں کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی ہے۔

حکام اس معاملے کی اس پہلو سے بھی تفتیش کر رہے ہیں کہ فائرنگ کے واقعات کے دوران کیا ڈالٹن نے اوبر کے کسی مسافر کو بھی لیا تھا یا نہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس دوارن ایک سے زیادہ افراد کے ساتھ رابطے میں تھا تاہم کسی دوسرے شخص پر الزام عائد نہیں کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تشدد کا پہلا واقعہ ایک اپارٹمنٹ میں ہوا جہاں ایک خاتون اس وقت زخمی ہو گئی جب اس پر متعدد بار گولیاں چلائی گئیں۔ اس کے کئی گھنٹوں کے بعد مسلح شخص نے ایک باپ اور بیٹے کو ہلاک کر دیا جو کاروں کے ایک شو روم میں گاڑیوں کو دیکھ رہے تھے۔

اس کے چند ہی منٹوں کے بعد ایک ریستوران کی پارکنگ میں پانچ افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جن میں سے چار ہلاک ہو گئے۔ ایک چودہ سالہ لڑکی کو تشویشناک حالت میں استپال منتقل کیا گیا ہے جس کے بارے میں پہلے کہا گیا تھا کہ وہ ہلاک ہو گئی ہے۔

فائرنگ کے ان واقعات کے محرکات کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا۔

XS
SM
MD
LG