رسائی کے لنکس

سویڈن کے شہزادے کی سابقہ ماڈل کے ساتھ شادی


30سالہ صوفیہ ہیل کوئست سابقہ یوگا انسٹرکٹر اور فلاحی کارکن ہیں۔ انھیں ہفتے کو سویڈش شہزادے کی دلہن بننے کےبعد سرکاری طور پر شہزادی صوفیہ اور'ڈچز آف وارم لینڈ' کا لقب مل گیا ہے

ایک حقیقی دنیا کی ’سینڈریلا‘، سابقہ ماڈل گرل اور ٹی وی ’ریئلٹی شو‘ کی اسٹار صوفہ ہیل کوئست سویڈن کےشہزادے کارل فلپ سے شادی کے بعد سچ مچ کی شہزادی بن گئی ہیں۔

30سالہ صوفیہ ہیل کوئست سابقہ یوگا انسٹرکٹر اور فلاحی کارکن ہیں۔ انھیں ہفتے کو سویڈش شہزادے کی دلہن بننے کے بعد سرکاری طور پر شہزادی صوفیہ اور 'ڈچز آف وارم لینڈ' کا لقب مل گیا ہے۔

36سالہ شہزادے کارل فلپ کی شادی کی پُروقار تقریب ہفتے کے روز اسٹاک ہوم میں شاہی محل کے گرجا گھر میں انجام پائی۔ شادی کی تقریب میں سویڈن کے فرمانروا شاہ کارل گستاف ان کی اہلیہ سلویا اور شاہی خاندان کے افراد کے علاوہ دیگر ممالک سے آئے ہوئے شاہی خاندان کے نمائندوں سمیت سینکڑوں مہمانوں نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق، شہزادی صوفیہ نے اپنی زندگی کےاس خاص موقع پر سفید رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا تھا۔ انھوں نے گلے میں نازک ہیروں کا ہار اور سر پر ہیرے اور زمرد کا تاج پہن رکھا تھا، جبکہ ان کے دولہا روایتی شہزادوں کی پوشاک میں ملبوس تھے۔

شادی کی تقریب کے بعد دولہا اور دلہن بگھی میں سوار ہو کر اسٹاک ہوم کی گلیوں سے گزرے تو وہاں گلیوں میں شاہی جوڑے کے استقبال کے لیے کھڑے ہوئے ہزاروں چاہنے والوں نےشور مچا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر شاہی جوڑے نے لوگوں کی والہانہ محبتوں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

شاہی روایات کے مطابق، شاہی جوڑے کے محل پہنچنے سے پہلے دولہا اور دلہن کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

شاہی خاندان کی جانب سے شادی کی تقریبات کا سلسلہ گذشتہ رات سے شروع ہوا۔ اس سلسلے میں جمعہ کی شب محل میں شاہی خاندان اور دوستوں کے لیے ایک پرتکلف عشائیہ رکھا گیا۔

خبر رساں ادارے، رائٹرز کے مطابق شادی کی تقریب شہزادے کی بڑی بہن اور تخت و تاج کی وارث، کراؤن شہزادی وکٹوریہ کی شادی کی تقریب کے مقابلے میں زیادہ بڑی نہیں تھی۔

نئی شہزادی اپنے ماضی کےحوالے سےسویڈش اخبارات کی شہ سرخیوں کی زینت بن چکی ہیں۔

صوفیہ نے اپنے کیرئیر کے آغاز میں ایک گیمرس ماڈل کے طور پر کام کیا ہے۔ سنہ 2004 میں جب وہ نیویارک میں اکاؤنٹنگ کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں اس دوران انھوں نے ایک رسالے کےلیےعریاں فوٹو شوٹ کیا تھا ،اس کے علاوہ وہ ایک اسکینڈلز سے بھرپور ٹی وی ریئلٹی شو میں مختصر لباس کےساتھ کام کر چکی ہیں۔

انھوں نے ماڈلنگ کے بعد نیویارک میں اپنا یوگا سینٹر کھولا۔ اس کے علاوہ وہ جنوبی افریقہ میں پسماندہ بچوں کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم کی شریک بانی بھی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق، شاہی جوڑے کی پہلی ملاقات ایک ہوٹل میں ہوئی تھی جس کے بعد دونوں کے معاشقے کی خبریں عام ہونے لگیں اور جون سنہ 2014 میں شاہی جوڑا منگنی کے بندھن میں بندھ گیا۔

شہزادی صوفیہ نے اپنے ماضی کے حوالے سے ایک گفتگو میں کہا تھا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ ان کے بارے میں اب تک بہت کچھ کہا جا چکا ہے 'جب کہ وہ اس دور سے بہت آگے نکل چکی ہیں'۔

شہزادہ کارل فلپ سویڈش بادشاہت کے تیسرے وارث ہیں، انھیں ’فوربز‘ رسالے نے دنیا کے 20 پرکشش شہزادوں کی فہرست میں نواں نمبر دیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ صوفیہ کا ماضی شاہی خاندان کے لیے اہم تھا اور ابتدائی طور پر شاہی خاندان کی جانب سے صوفیہ کے ماضی کا دفاع کیا گیا اور ان کے فلاحی کاموں پر زور دیا گیا۔

یاد رہے کہ سویڈش بادشاہت کی تاریخ میں یہ پہلی شادی نہیں ہے، جب شاہی خاندان کے کسی شہزادے اور شہزادی نے کسی عام شخص سے شادی کی ہے، شہزادے کارل فلپ سے پہلے ان کی بڑی بہن وکٹوریہ نےسنہ 2010 میں اپنے ذاتی ٹرینر ڈینئل سے شادی کی تھی۔

ان کے علاوہ شہزادے کی چھوٹی بہن شہزادی میڈلین نے بھی ایک عام بنکر کرسٹوفر او نیل سے شادی کی ہے۔

سویڈن کے فرمانروا شاہ کارل گستاف 41 برسوں سے آئینی بادشاہت کر رہے ہیں، جہاں بادشاہ کے پاس کوئی سیاسی اختیارات نہیں ہیں۔ سروے کے مطابق، یہاں شاہی خاندان کے لیے عوامی حمایت میں کمی واقع ہوئی ہے۔

کارل فلپ جب پیدا ہوئے تھے تو اپنی بڑی بہن وکٹوریہ کے مقابلے میں سویڈش بادشاہت کے وارث تھے۔ لیکن، سنہ 1980 میں جانشینی کے قانون میں تبدیلی کے بعد، بادشاہ کی بڑی اولاد شہزادی وکٹوریہ سلطنت کی جانشین بن گئی ہیں جبکہ ان کی تین سالہ بیٹی اسٹیل سویڈش بادشاہت کی دوسری وارث ہے۔

XS
SM
MD
LG