رسائی کے لنکس

سوئٹزرلینڈ میں چاکلیٹ کی بارش


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سوئٹزلینڈ کے ایک قصبے آلٹن میں مقامی لوگ اس وقت حیران رہ گئے جب اُن پر چاکلیٹ کی بارش ہونے لگی۔

جمعے کے روز ایک مقامی چاکلیٹ فیکٹری کے وینٹیلیشن کا نظام خرابی کی وجہ سے چاکلیٹ کے ذرات فیکٹری سے باہر پھینکنا شروع ہو گیا تھا۔

تیز ہوا کی وجہ سے چاکلیٹ کے ذرات قریبی قصبے میں دور دور تک پھیل گئے تھے اور یوں محسوس ہوتا تھا کہ آسمان سے چاکلیٹ کی بارش شروع ہو گئی ہے۔

منگل کے روز 'لنڈٹ اینڈ سپروگلی' کمپنی نے قریبی قصبے میں چاکلیٹ کے پھیلنے کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کی فیکٹری سوئس شہروں زیورخ اور باسل کے درمیان ایک چھوٹے سے قصبے آلٹن میں واقع ہے۔

کمپنی کے مطابق اُن کے وینٹیلیشن کے نظام میں خرابی پیدا ہوگئی تھی جس کی وجہ سے 'کوکو' کے ذرات فیکٹری سے باہر آنا شروع ہو گئے تھے۔

فیکٹری کے نزدیک ایک کار کی چھت پر چاکلیٹ کی پرت بیٹھ گئی تھی۔

کمپنی کا مؤقف ہے کہ چاکلیٹ کے ذرات لوگوں کے لیے مضر صحت نہیں ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ علاقے کی صفائی کے لیے آنے والے تمام اخراجات ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

کمپنی نے بتایا کہ فیکٹری کی پیداوار میں اس واقع سے کوئی فرق نہیں پڑا جب کہ وینٹیلیشن کے نظام میں پیدا ہونے والی خرابی ٹھیک کر لی گئی ہے اور فیکٹری میں کام بدستور جاری رہا۔

XS
SM
MD
LG