رسائی کے لنکس

شام: سرکاری فورسز کی فائرنگ سے سات افراد ہلاک


شام میں انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہناہے کہ بدھ کے روز شام کی فورسز نے کم ازکم سات افراد کو ہلاک کردیا، جب کہ اقوام متحدہ کے امن کاروں کے ایک مختصر گروپ نے حکومت اور باغیوں کے درمیان لڑائی کے خاتمے کے کمزور معاہدے کی نگرانی کا کام دوبارہ شروع کردیا ہے۔

شام میں انسانی حقوق کے جائزے سے متعلق برطانیہ میں قائم ایک تنظیم کا کہناہے کہ چار افراد ہلاک اور متعدد اس وقت زخمی ہوگئے جب سیکیورٹی فورسز نے شمالی صوبے ادلب میں ایک پڑتالی چوکی پر بس پر فائر کھول دیا۔

شام کے سرکاری خبررساں ادارے نے سانا نے کہاہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ادلب صوبے میں ترکی سے تخریب کاری کی غرض سے ملک میں داخل ہونے والے دہشت گروں کو چیک پوائنٹ پر روکنے کے بعد ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔

لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ آیا سرکاری رپورٹ میں اسی واقعہ کا ذکر کیا گیا ہے یا یہ کوئی اور واقعہ ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کا یہ بھی کہناہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دمشق کے مضافات میں دو افراد کو ہلاک کردیا جب کہ ایک بچہ دیرالزور کے مشرقی علاقے میں گولہ لگنے سے مارا گیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے کہاہے کہ اقوام متحدہ کے چار مزید امن کار دمشق پہنچ گئے ہیں جو گذشتہ ہفتے شام میں آنے والے مشن کے ارکان کے ساتھ شامل ہوجائیں گے۔

XS
SM
MD
LG