رسائی کے لنکس

یونان: انتخابات میں سیپراس کی جماعت فاتح


وسطی ایتھنز میں اپنے پرجوش حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے سیپراس کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت "یونان کی معیشت کی تعمیر نو اور ملکی وقار کو بلند کرے گی۔"

یونان میں الیکسس سیپراس نے دعویٰ کیا کہ بائیں بازو کی ان کی جماعت سیریزا نے اتوار کو ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کر لی ہے اور وہ جلد ہی مخلوط حکومت تشکیل دے کر یورپی قرض خواہوں کی شرائط پر مبنی اصلاحات نافذ کریں گے تاکہ اربوں ڈالر کا بیل آوٹ پیکج حاصل کیا جا سکے۔

اتوار کو دیر گئے انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد وسطی ایتھنز میں اپنے پرجوش حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت "یونان کی معیشت کی تعمیر نو اور ملکی وقار کو بلند کرے گی۔"

اس سے قبل سیپراس کے حریف قدامت پسند جماعت نیو ڈیموکریسی پارٹی کے رہنما وینجیلس میماراکس نے سیریزا جماعت کو فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے سیپراس پر زور دیا کہ وہ جلد حکومت تشکیل دیں۔

سیپراس کا کہنا تھا کہ وہ قوم پرست جماعت کو حکومت میں شامل کریں گے جس کے رہنما نے مخلوط حکومت میں شمولیت پر رضامندی بھی ظاہر کر دی ہے۔

یونان کی معیشت کو شدید بحران کا سامنا ہے جس سے نکلنے کے لیے اسے اپنے یورپی قرض خواہوں سے بیل آوٹ پیکج درکار ہے جنہوں نے اس قرض کے عوض ملکی معیشت کے لیے اصلاحات کرنے پر اصرار کر رکھا ہے جن میں پنشس میں کٹوتی اور محصولات میں اضافہ بھی شامل ہے۔

گزشتہ ماہ ہی سیپراس نے اپنی جماعت میں اس بیل آوٹ پیکج پر ہونے والے اختلافات کے باعث استعفیٰ دے دیا تھا۔

اتوار کو ہونے والے انتخابات یونان میں ایک سال کے دوران تیسرے قومی انتخابات تھے۔

XS
SM
MD
LG