رسائی کے لنکس

ویسٹ انڈیز دوسری بار ٹی20 چیمپئن بن گیا


کولکتہ میں کھیلے جانے والے میچ میں مارلن سیموئلز نے ویسٹ انڈیز کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ لیکن آخری اوور میں کارلوس بریتھ ویٹ کے مسلسل چار چھکوں نے کالی آندھی کی فتح یقینی بنادی۔

ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو چار وکٹ سے ہراکر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا دوسری بار چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیاہے۔

اتوار کو بھارت کے شہر کولکتہ میں کھیلے جانے والے میچ میں مارلن سیموئلز نے ویسٹ انڈیز کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ لیکن آخری اوور میں کارلوس بریتھ ویٹ کے مسلسل چار چھکوں نے کالی آندھی کی فتح یقینی بنادی۔

ویسٹ انڈین کرکٹرز کے جشن نے تماشائیوں کی خوشی دوبالا کردی۔ ڈیرن سیمی الیون کے جشن کا ساتھ دینے کے لیے ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم بھی میدان میں موجود تھی جس نے آسٹریلین ویمنز ٹیم کو ہراکر پہلی بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں ویسٹ انڈیز کو 156 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن کیریبئن ٹیم کی بیٹنگ لائن ابتدا میں مشکلات کا شکار نظر آئی۔

گیارہ کے مجموعی اسکور پر تین بلے باز اپنی وکٹ گنوا چکے تھے۔ جونسن چارلز ایک، کرس گیل چار اور لینڈل سمنز کوئی رن بنائے بغیر انگلش بولرز کا شکار بنے۔

لیکن تیسرے نمبر پر آنے والے مارلن سیموئلز نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔ انہوں نے 66 گیندوں پر 85 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ڈوائن براوو اور مارلن سیموئلز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 75 رنز جوڑے۔

براوو 27 گیندوں پر 25 رنز بناکر عدیل راشد کی گیند پر جو روٹ کو کیچ تھماگئے۔ اینڈرے رسل نے ایک اور ڈیرن سیمی نے دو رنز بنائے۔

اس کے بعد کارلوس بریتھ ویٹ وکٹ پر آئے اور انہوں نے مارلن سیموئلز کے ساتھ یادگار شراکت میں 54 رنز جوڑے اور ویسٹ انڈیز کو دوسری بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا چیمپئن بنادیا۔ انہوں نے آخری اوور کی ابتدائی چار گیندوں پر بین اسٹروکس کو مسلسل چار چھکے لگائے۔

اس طرح ویسٹ انڈیز دو گیندوں پہلے ہی 156 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ جوئے روٹ نے چارلس اور گیل کی وکٹ لیں۔ ڈیوڈ ولی نے تین اور عادل راشد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدا میں ہی انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کپتان ای این مورگن سمیت تین انگلش بلے باز 23 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

جو روٹ نے ایک بار پھر انگلش بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جوز بٹلر 36 اور ڈیوڈ ولی 21 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ڈوائن براوو اور کارلوس بریتھ ویٹ نے تین تین کھلاڑی آؤٹ کیے، سیموئل بدری نے 16 رنز دے کر دو وکٹ لیں۔

ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم نے 2012ء میں سری لنکا کو ہراکر پہلی بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس وقت بھی ٹیم کی قیادت ڈیرن سیمی کررہے تھے اور فائنل کے 'مین آف دی میچ' مارلن سیموئلز تھے جو اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میں بھی بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

میزبان ٹیم بھارت کے ورات کوہلی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت نے ورلڈ ٹی20 کا پہلا ٹائٹل 2007ء میں اپنے نام کیا تھا۔ پاکستان 2009ء میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چیمپئن رہا۔ انگلینڈ اور سری لنکا نے بھی ایک، ایک بار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل جیتا ہے۔

XS
SM
MD
LG