رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بابر نے وراٹ، رضوان نے گیل کا ریکارڈ توڑ دیا


ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بابر اعظم تسلسل کے ساتھ رنز بنا رہے ہیں اور وہ اب تک چار نصف سینچریاں بنا چکے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بابر اعظم تسلسل کے ساتھ رنز بنا رہے ہیں اور وہ اب تک چار نصف سینچریاں بنا چکے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں جہاں پاکستان کی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے وہیں ٹیم کے کھلاڑی مختلف ریکارڈز اپنے نام کر رہے ہیں۔

سپر 12 مرحلے میں ناقابلِ شکست رہنے والی واحد ٹیم پاکستان کا اگلا ہدف سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف فتح ہے۔ لیکن اتوار کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس کی اوپننگ جوڑی نے کچھ ریکارڈز بھی اپنے نام کیے ہیں۔

بابر الیون ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو میں 10 پوائنٹس کے ساتھ سرِفہرست ہے اور اب سیمی فائنل میں اس مقابلہ گروپ ون کی دوسرے نمبر پر موجود ٹیم آسٹریلیا سے ہو گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 11 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں یہ میچ کھیلا جائے گا۔

البتہ اتوار کو کھیلے گئے میچ کے بعد پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ایک سال میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا بھارتی کپتان وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑا جب کہ محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کے بلے باز گرس گیل کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

اس کے علاوہ تجربہ کار مڈل آرڈر بلے باز شعیب ملک نے 18 گیندوں پر 54 رنز کی ناقابلِ شکست اننگر کھیل کر ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے لیے تیز ترین نصف سینچری کا ریکارڈ بنا لیا۔

انہوں نے متحدہ عرب امارات میں کھیلے جا رہے ایونٹ میں تیز ترین نصف سینچری کا بھارتی بلے باز کے ایل راہول کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔

بابر اعظم نے سنگل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ نصف سینچریاں بنانے کا وراٹ کوہلی اور میتھیو ہیڈن کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ بابر ایونٹ میں اب تک کھیلے گئے پانچ میں سے چار میچز میں نصف سینچری اسکور کر چکے ہیں۔

اس سے قبل سن 2014 میں بھارت کے وراٹ کوہلی اور 2007 میں آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ میتھیو ہیڈن اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں بابر اعظم نے نصف سینچری اسکور کر کے کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ نصف سینچریاں بنانے کا وراٹ کوہلی کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

کپتان بابر اعظم نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف بھی نصف سینچری اسکور کی۔
کپتان بابر اعظم نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف بھی نصف سینچری اسکور کی۔

وراٹ کوہلی نے سال 2016 میں ٹی ٹوئنٹی میں 18 نصف سینچریاں اسکور کی تھیں جب کہ بابر اعظم نے 2021 میں 19 سینچریز اسکور کر کے ان سے یہ ریکارڈ لے لیا ہے۔

اسی طرح پاکستان ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے بھی ٹی ٹوئنٹی میں کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔

محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل کا سال 2015 میں ٹی ٹوئنٹی میں 1665 رنز بنانے کا ریکارڈ توڑا ہے۔ محمد رضوان نے سال 2021 میں 1676 رنز بنا لیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG