کراچی ... تین سال قبل ’آئی ٹو آئی‘ گانے کی ویڈیو نے دھوم مچائی اور اس گانے کے خالق طاہر شاہ راتوں رات سوشل میڈیا پر اسٹار بن کر چھا گئے۔ طاہر شاہ کے نئے گانے ’اینجل‘ نے مقبولیت میں ’آئی ٹو آئی‘ کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا اور ہر کوئی ’اینجل‘ پر تبصرہ کرتا نظر آتا ہے۔
طاہر شاہ کے دوسرے گانے’اینجل‘ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ریلیز کے چند ہی گھنٹوں کے اندر پاکستان اور بھارت میں ٹوئٹر ٹرینڈنگ لسٹ میں ٹاپ پر پہنچ گیا، جبکہ پوری دنیا میں تیسرے نمبر پر رہا۔
طاہر شاہ کے گانے کی شہرت امریکا تک جا پہنچی اور امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ نے ’اینجل‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے ’غیر متوقع فرشتے‘ کی جانب سے ’’امن، محبت اور ہم آہنگی‘‘ کا پیغام قرار دے دیا۔
’واشنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق، ”ان کا گانا عجیب و غریب سہی، لیکن طاہر شاہ یو ٹیوب اسٹار بن گئے ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔“
کراچی سے تعلق رکھنے والے طاہر شاہ بزنس مین ہیں اور انہوں نے کہیں سے گانے کی تعلیم بھی حاصل نہیں کی اس کے باوجود ان کے دونوں گانوں نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔
طاہر شاہ نے اپنے نئے گانے ’اینجل‘ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہر شخص کے اندر فرشتہ چھپا ہوتا ہے۔ انسانیت کی بھلائی کے لئے اندر کی اچھائی کو باہر پھیلانا چاہئے۔‘‘
سوشل میڈیا پر ’اینجل‘ نے ایسی دھوم مچائی کہ عام آدمی سے لے کر سیلبرٹیز تک کچھ نہ کچھ کہے بغیر نہ رہ سکے اور مزے مزے کے کمنٹس کئے گئے۔
کسی نے گانے کی عجیب و غریب شاعری کو نشانہ بنایا تو کسی نے ’اینجل‘ یعنی طاہر شاہ کے لباس، میک اپ اور گائیکی پر مزاحیہ تبصرہ کیا۔ کسی نے طاہر شاہ کے اعتماد کی داد دی تو کسی نے گانے کو سراہا۔