رسائی کے لنکس

گلگت بلتستان: مسافر گاڑی کھائی میں گرنے سے 10 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان میں مسافر گاڑی کھائی میں گرنے سے 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ گاڑی راولپنڈی سے اسکردو جا رہی تھی کہ روندو کے مقام پر گہری کھائی میں جا گری۔ اس کھائی میں دریا بھی بہہ رہا ہے۔

ان کے مطابق گاڑی میں 26 افراد سوار تھے۔ جن میں سے 10 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

ہلاک شدگان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اسپتال منتقل کی گئی لاشوں میں دو بچوں اور تین خواتین کی میتیں شامل ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔

فیض اللہ فراق کا مزید کہنا تھا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں نکالنے کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

انہوں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا۔

خیبر پختونخوا میں بارشوں سے تباہی

ادھر صوبہ خیبر پختونخوا میں چار روز کے دوران طوفانی بارش کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک جب کہ 67 زخمی ہوئے ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل پرویز خان ثبت خیل کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارش اور مکانات کے چھتیں گرنے کے نتیجے میں 67 مویشی بھی مرے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان بارشوں کے نتیجے میں صوبے بھر میں 282 نجی مکانات اور املاک جب کہ چار اسکول اور 14 دیگر سرکاری عمارات کو نقصان پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ تیز بارش اور برف باری کے نتیجے میں صوبے کے مختلف علاقوں بالخصوص کوہستان، چترال، شانگلہ، گلیات اور بونیر میں سڑکوں پر تودے گرنے سے آمدورفت شدید متاثر ہوئی ہے۔

پرویز خان ثبت خیل نے مزید بتایا کہ متاثرہ خاندانوں اور علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جب کہ مکانوں کی چھتیں گرنے والوں کو فوری طور پر امدادی کیمپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مالی اور جانی نقصان کے بارے میں سروے کے بعد متاثرہ خاندانوں کو بھی قانون کے مطابق معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG