رسائی کے لنکس

اسلام آباد میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، دو مشتبہ افراد گرفتار


اسلام آباد میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، دو مشتبہ افراد گرفتار
اسلام آباد میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، دو مشتبہ افراد گرفتار

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گرد حملوں کا ایک منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو گرفتارکر لیا ہے۔

اعلیٰ عہدیداروں اور مقامی پولیس نے جمعہ کے روز بتایا کہ حکام کو گذشتہ شب خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ شدت پسندوں نے اسلام آباد کے اہم مقامات پر خودکش حملوں کی تیاری کر رکھی ہے جس کے بعد دارالحکومت کے داخلی راستوں کے علاوہ شہر کے اندر بھی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا۔

سکیورٹی اداروں کو کامیابی اُس وقت حاصل ہوئی جب اِن کے اہلکاروں نے اس منصوبے میں شامل دو افراد کو گرفتار کر لیا، جن میں سے ایک کا نام مشتاق بتایا گیا ہے۔

(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کی تحویل سے خودکش حملے میں استعمال ہونے والی ایک بارود سے بھری جیکٹ بھی قبضے میں لی گئی ہے۔

اُنھوں نے بتایا کہ مشتاق نے اسلام آباد کے ایک اہم رہائشی علاقے میں واقع ایک مسجد پر حملہ کرنا تھا جب کہ دہشت گردوں کا دوسرا ہدف پارلیمنٹ یا اُس سے متصل دیگر اہم عمارتیں تھیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دوسرے حملے کے لیے خودکش بمبار نے صوبہ خیبر پختون خواہ کے علاقے بنوں سے وفاقی دارالحکومت پہنچنا تھا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کی تلاش کر رہے ہیں۔

رحمن ملک نے اس سلسلے میں مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا لیکن اُن کا کہنا تھا کہ حالیہ گرفتاریاں بہت بڑی کامیابی ہے ۔ ایک ہفتے کے دوران اسلام آباد میں دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے پولیس نے ایک ناکے پر ایک بس کی تلاشی کے دوران تقریباً ڈیڑھ سو کلوگرام بارودی مواد قبضے میں لے کر ایک خاتون کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔

ملک کے شمال مغربی علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے جواب میں شدت پسند حالیہ برسوں کے دوران اسلام آباد میں خودکش حملوں سمیت متعدد مہلک حملے کر چکے ہیں جن میں 2008ء میں فائیو سٹار ہوٹل میریٹ پر ہونے والے خودکش حملہ سرفہرست ہے۔

XS
SM
MD
LG