رسائی کے لنکس

مشتبہ دہشت گردبیرونِ ملک امریکی افواج سےلڑنا چاہتا تھا


پینٹگان سٹی میٹرو اسٹیشن
پینٹگان سٹی میٹرو اسٹیشن

قانون کا نفاذ کرنے والے عہدےداروں کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کے سب وے نظام پر حملے کی مبینہ سازش پر جِس شخص کو گرفتار کیا گیا ہے وہ امریکی افواج کے ساتھ لڑنے کی غرض سے بیرون ملک سفر کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

جمعرات کو پیش کیے گئے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ شخص فاروق احمد اور اُن کا ساتھی جِن کا نام نہیں بتایا گیا، اگلے سال کے اوائل میں پاکستان یا افغانستان میں لڑنے کا ارادہ رکھتےتھے۔

اس دستاویز میں جو فاروق احمد کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، کہا گیا ہے کہ مشتبہ شخص دہشت گرد گروپوں کے ساتھ رابطے کی کوشش میں تھا۔ اِس میں بتایا گیا ہے کہ اُنھوں نے خفیہ ایف بی آئی ایجنٹوں کے ساتھ متعدد ملاقاتیں کیں ۔ یہ ایجنٹس اپنے آپ کو القاعدہ کے کارکن ظاہر کررہے تھے ۔

چونتیس سالہ پاکستانی نژاد امریکی شہری فارق احمد کو بدھ کے روز جِن الزامات پرگرفتار کیا گیا اُن میں ایک دہشت گرد تنظیم کو مادی مدد مہیا کرنے کی کوشش کرنا بھی شامل ہے۔

محکمہٴ انصاف کےعہدے داروں نے بتایا ہےکہ وہ اپریل سے واشنگٹن کے علاقےمیں سب وےاسٹیشنوں پر ٹھکانوں کا پتا لگا رہا تھا اور یہ کہ وہ بیک وقت بم حملوں کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ اُنھوں نے کہا کہ تفتیش کار اُن کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھے اور یہ کہ لوگوں کو کبھی کوئی خطرہ لاحق نہیں رہا۔

اہل کاروں کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر ملزم ایک ایسےا فراد سے ملا جن کو وہ القاعدہ سے منسلک گردانتا تھا، اور اُنھوں نے کئی موقعوں پر واشنگٹن کے قریب، پینٹگان اور آرلنگٹن قبرستان اورورجینیا کے مضافات میں سب وے اسٹیشنوں کے فوٹو کھینچے، وِڈیو ٹیپ کیے اور نقشے بنائے۔ اُن پر یہ بھی الزام ہے کہ اُنھوں نے یہ تجویز بھی دی کہ دھماکہ خیز مواد کہاں رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ہلاکتیں واقع ہوں۔

XS
SM
MD
LG