رسائی کے لنکس

ٹیکساس: چھ بچوں سمیت آٹھ افراد قتل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

قاتل گھر کے پیچھے ایک کھلی کھڑکی سے گھر میں داخل ہوا اور تمام آٹھ افراد کو باندھ کر ان کے سروں کے پیچھے گولیاں مار دیں۔

ہفتہ کو ٹیکساس میں ایک شخص نے چھ بچوں سمیت آٹھ افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

پولیس اہلکار ایک رشتہ دار کی اطلاع پر اہل خانہ کی خیریت معلوم کرنے ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں ایک گھر گئے مگر کسی نے دروازہ نہیں کھولا۔

اس دوران پولیس کو پتا چلا کہ ایک شخص گھر کے اندر موجود ہے، جس کے خلاف اس خاندان کے ایک فرد پر حملہ کرنے کے الزام میں وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔

ہیرس کاؤنٹی شیرف کے نائب اعلیٰ ٹم کینن نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اہکاروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ ’ہائی رسک آپریشنز یونٹ‘ کے آنے تک انتظار کریں اور گھر میں داخل نہ ہوں۔

تاہم ایک اہلکار نے کھڑکی میں سے ایک نو عمر لڑکے کی لاش کو دیکھا جس کے بعد پولیس زبردستی گھر کے اندر داخل ہو گئی۔ ایسا کرنے سے 49 سالہ مشتبہ شخص ڈیوڈ کانلے چوکنا ہو گیا اور اس نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی جس کے باعث وہ پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئے۔

’سی این این‘ کے مطابق کانلے نے ایک گھنٹے کے بعد پولیس سے گفت شنید کے بعد ہتھیار ڈال دیے۔

اطلاعات کے مطابق کانلے کا مرنے والی خاتون کے ساتھ ماضی میں تعلق رہا تھا۔

گرفتاری کے بعد ملزم کی طرف سے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسے ہفتہ کی صبح معلوم ہوا کہ اس کے جانے کے بعد گھر کے تالے تبدیل کر دیے گئے ہیں۔

وہ گھر کے پیچھے ایک کھلی کھڑکی سے گھر میں داخل ہوا اور تمام آٹھ افراد کو باندھ کر ان کے سروں کے پیچھے گولیاں مار دیں۔ ان میں چھ بچے بھی شامل ہیں۔

مرنے والوں کی شناخت پچاس سالہ ڈیوین جیکسن، اس کی اہلیہ چالیس سالہ ویلری جیکسن اور ان کے چھ بچوں، تیرہ سالہ نتھینیئل، گیارہ سالہ اونیسٹی، نو سالہ کیلب، سات سالہ ٹرینیٹی، اور چھ سالہ جوناہ کے طور پر کی گئی ہے۔

خیال ہے کہ سب سے بڑا بچہ نتھینیئل کانلے کا ہے کیونکہ ماضی میں اس کا ویلری کے ساتھ تعلق رہا تھا۔ کانلے کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG