رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ میں 60 روز کے لیے ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان


عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بنکاک اور اس کے ارد گرد ایمرجنسی کے نفاذ کے حکم نامے کا اطلاق بدھ سے ہو گا۔

تھائی لینڈ کی حکومت نے ملک میں ساٹھ روز کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام دارالحکومت بنکاک میں کئی ہفتوں سے جاری حکومت مخالف مظاہروں کے بعد کیا گیا۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بنکاک اور اس کے ارد گرد ایمرجنسی کے نفاذ کے حکم نامے کا اطلاق بدھ سے ہو گا۔ اس اقدام کے تحت حکومت کرفیو کے نفاذ کے علاوہ میڈیا پر بعض قدغنیں اور سیاسی اجتماعات پر پابندی عائد کر سکے گی۔

یہ واضح نہیں کہ اس حکم نامے کے ذریعے بنکاک میں گزشتہ آٹھ روز سے موجود مظاہرین سے کیسے نمٹا جائے گا۔

مظاہرے بالعموم پرامن رہے لیکن ان میں شامل افراد پر بعض حملوں کے بعد یہ خدشہ تھا کہ کہیں یہ تشدد میں نا بدل جائیں۔

گزشتہ اتوار کو مظاہرین کے ایک کیمپ کے قریب بم دھماکے سے 28 افراد زخمی ہو گئے تھے جب کہ اس سے دو روز قبل بنکاک میں ایک بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ایک غیر منتخب کونسل موجودہ حکومت کی جگہ اقتدار سنبھالے۔

وزیراعظم ینگ لک شیناواترا اقتدار سے الگ ہونے کے مطالبے کو مسترد کر چکی ہیں اور اُنھوں نے مظاہروں کے بعد پارلیمنٹ کو تحلیل کرتے ہوئے ملک میں دو فروری کو انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔

بظاہر لگتا ہے کہ حزب مخالف کی جماعتیں ان انتخابات کا بائیکاٹ کریں گی۔
XS
SM
MD
LG