رسائی کے لنکس

صحت عامہ کے مسائل سے آگہی کیلئے منفرد فیسٹیول


اس عنوان پر زیادہ توجہ مبذول کرانے کی غرض سے، عوامی نوعیت کی دلچسپیوں کو بھی اس میلے کا حصہ بنایا جارہا ہے: یعنی کھیل کھیل میں، میوزک اور مستی کے ساتھ صحت جیسے اہم مسئلے کو سلجھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں

پچھلے ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران صوبہ سندھ میں جس مسئلے نے حکومت اور ارباب اختیار کو سب سے زیادہ پریشان کئے رکھا ۔۔وہ صحت اور غذائی قلت ہے۔ تھر کا علاقہ اسی مسئلے کے سبب موت کے بے رحم شکنجے میں رہا جبکہ زیادہ تر بچے اس کا شکار ہوئے۔

حکومت سندھ پر بار بار زور دیا جاتا رہا ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا حل نکالے۔ غیرسرکاری تنظیموں اور حکومت کی ہر ممکن کوششوں کے باوجود اس مسئلے سے نمٹنے میں کئی ماہ لگ گئے۔ گو کہ اب صورتحال میں پہلے جیسی شدت نہیں رہی، لیکن صوبائی حکومت اب بھی احتیاطی تدابیر اور ضروری اقدامات کررہی ہے۔

انہی کوششوں کے تحت، اگلے بدھ یعنی 8 اپریل سے جمعہ 10 اپریل تک تھر کے علاقے مٹھی میں صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے ایک میلہ لگایا جارہا ہے جس کا عنوان ہے ’صحت اور غذا‘۔

صوبائی وزیر صحت جام مہتاب ڈہر کا کہنا ہے کہ ’فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد مہلک بیماریوں سے بچنے کے لئے انجکشن لگوانے، ناقص غذا سے اجتناب برتنے اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق عوامی شعورکو بیدار کرنا ہے۔‘

محکمہ صحت کے صوبائی سیکریٹری افتخار احمد شلوانی کے مطابق فیسٹیول کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی میں کریں گے۔

مہتاب ڈہر نے میڈیا کے نمائندوں کو فیسٹیول سے متعلق تفصیلات میں مزید بتایا کہ فیسٹیول میں سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ ساتھ کی جانب سے مختلف کیمپس لگائے جائیں گے جن میں فیسٹیول میں شرکت کی غرض سے آنے والوں کو صحت اور دیگر بنیادی مسائل سے متلق آگہی فراہم کی جائے گی۔

صوبائی وزیرکا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک کے مشہور فزیشنز،گائناکولوجسٹ، چائلڈ اسپشلسٹ اور آنکھوں کے ماہرین بھی فیسٹیول میں مدعوکئے گئے ہیں، وہ میلے کے تینوں دن عوام کو طبی معائنے کے ساتھ ساتھ مفید مشورے اورمعلوماتی لیکچرز بھی دیں گے۔

لیکچرز کا مقصد لوگوں میں بیماریوں سے متعلق آگہی پیدا کرنا ہے۔اس حوالے سے افتخار احمد شلوانی نے توقع ظاہر کی کہ فیسٹیول سے لوگوں میں شعور بیدار کرنے اورماں وبچوں کی شرح اموات کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

فیسٹیول کا منفرد پہلو
فیسٹیول کی جانب توجہ کو بڑھانے کی غرض سے عوامی نوعیت کی دلچسپیوں کو بھی اس میلے کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ یعنی کھیل کھیل میں، میوزک اور مستی کے ساتھ صحت جیسے اہم مسئلے کو سلجھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اسی لئے فیسٹیول میں تھرپارکر کی روایتی موسیقی کے شوز، دستکاری، کھانے پینے کی اشیاء اور علاقائی خوبصورتی کواجاگر کرتے مختلف پروگرامز بھی فیسٹیول کا حصہ ہوں گے۔

عالمی اداروں کی شرکت
فیسٹیول میں عالمی ادارہ صحت یعنی ڈبلیو ایچ او (ہو) یو ایس ایڈ، یونیسیف اور کئی دیگر ادارے بھی شرکت کر رہے ہیں، جبکہ محکمہ صحت سندھ فیسٹیول کا روح رواں ہے۔

XS
SM
MD
LG