رسائی کے لنکس

بھارت نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹیسٹ میں شکست دے دی


جوہانسبرگ کے ونڈرز اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے کھیل کا منظر۔ 27 جنوری 2017
جوہانسبرگ کے ونڈرز اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے کھیل کا منظر۔ 27 جنوری 2017

بھارت نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن 63 رنز سے شکست دے دی۔ میزبان ٹیم کی شکست میں اشانت شرما او جسپریت بومرا نے اہم کردار ادا کیا۔

تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ ونڈرز اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

چوتھے روز کا کھیل جب شروع ہوا تو جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 241 رنز درکار تھے جب کہ 9 وکٹیں اس کے ہاتھ میں تھیں۔

کھانے کے وقفے تک ہاشم آملہ اور ڈین الگر نے ایک دشوار پچ پر احتیاط سے کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کا اسکور 100 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر یوں لگ رہا تھا کہ میزبان ٹیم آسانی سے یہ میچ جیت جائے گی۔

ڈین الگراور ہاشم آملہ نے دوسرے وکٹ کی شراکت میں سنچری بنائی جس سے جنوبی افریقہ کی ٹیم کا اسکور 241 رنز کے ہدف سے نصف سے بھی کم رہ گیا۔ لیکن آملہ 52 رنز پر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد میچ جنوبی افریقہ کے ہاتھ سے نکل گیا او ر ٹیم کے باقی 9 کھلاڑی اسکور میں صرف 53 رنز کا ہی اضافہ کر سکے ۔

بھارتی ٹیم کے شرما اور بومرا نے دو دو وکٹیں لیں جب کہ محمد شمی نے محض 28 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو 72 رنز سے ہرا دیا تھا جب کہ سنچورین میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں بھی کامیابی جنوبی افریقہ کے نام رہی تھی اور بھارتی ٹیم 135 رنز سے ہار گئی تھی۔

بھارت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے اگرچہ وہ یہ سیریز ایک کے مقابلے میں 2 سے ہار گیا ہے۔

پروگرام کے مطابق دونوں ٹیمیں ٹیسٹ سیریز کے بعد 6 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی میچ بھی کھیلیں گے۔

ایک روزہ میچوں کا سلسلہ یکم فروری کو ڈربن سے شروع ہو گا۔

XS
SM
MD
LG