رسائی کے لنکس

امریکہ: تین اعلیٰ عہدیدار کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر قرنطینہ میں چلے گئے


وائٹ ہاؤس کی کرونا رسپانس ٹیم کے اہم رکن ڈاکٹر انتھونی فاؤچی، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ اور فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے کمشنر اسٹیفن ہان اس لیے قرنطینہ میں گئے ہیں کیوں کہ ان کا عملے کے ان ارکان سے سامنا ہوا تھا جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی
وائٹ ہاؤس کی کرونا رسپانس ٹیم کے اہم رکن ڈاکٹر انتھونی فاؤچی، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ اور فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے کمشنر اسٹیفن ہان اس لیے قرنطینہ میں گئے ہیں کیوں کہ ان کا عملے کے ان ارکان سے سامنا ہوا تھا جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی

امریکہ میں تین انتہائی اعلیٰ عہدیدار کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر خود قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق وائٹ ہاؤس کی کرونا رسپانس ٹیم کے اہم رکن ڈاکٹر انتھونی فاؤچی، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ اور فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے کمشنر اسٹیفن ہان اس لیے قرنطینہ میں گئے ہیں کیوں کہ ان کا عملے کے ان ارکان سے سامنا ہوا تھا جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشن ڈیزیز کے مطابق ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کو وائرس پائے جانے کے کم درجے پر رکھا گیا ہے۔

ڈاکٹر انتھونی فاؤچی
ڈاکٹر انتھونی فاؤچی

ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کی عمر 79 سال ہے۔ ان کے حوالے سے انسٹیٹیوٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشن ڈیزیزکے ڈائریکٹر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

ان کے دوبارہ ٹیسٹ کیے جانے کا بھی کہا گیا ہے۔

سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینٹیشن کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ کے بارے میں سی ڈی سی کے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وہ آئندہ دو ہفتے قرنطینہ میں رہ کر فرائض انجام دیں گے۔

سی ڈی سی نے رابرٹ فیلڈ کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ وائٹ ہاؤس میں ان کا سامنا ایک ایسے شخص سے ہوا تھا جو وائرس سے متاثر تھا۔ سی ڈی سی نے انہیں بھی وائرس سے متاثر ہونے کے کم درجے پر قرار دیا ہے۔

ڈاکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ
ڈاکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ

رابرٹ ریڈ فیلڈ کی عمر 68 برس ہے۔ ان کے حوالے سے سی ڈی سی کے جاری اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ان کی صحت بہتر ہے جب کہ ان میں کرونا وائرس کی علامات بھی موجود نہیں ہیں۔

سی ڈی سی کے مطابق اگر رابرٹ ریڈ فیلڈ کو وائٹ ہاؤس جانے کی ضرورت پیش آئی تو وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں گے۔ ان احتیاطی تدابیر میں جسم کے درجہ حرارت کا معائنہ، ہر روز کرونا وائرس کی علامات کا جائزہ، فیس ماسک کا استعمال اور سماجی دوری کی ہدایات پر عمل شامل ہے۔

فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے کمشنر اسٹیفن ہان کی عمر 60 کے قریب ہے۔ ان کے حوالے سے ایف ڈی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کا سامنا ایسے شخص سے ہوا تھا جو کچھ ہفتے قبل وبا سے متاثر ہوا تھا۔

اسٹیفن ریڈفیلڈ
اسٹیفن ریڈفیلڈ

خیال رہے کہ ان تینوں اشخاص کو منگل کو سینیٹ کی کمیٹی کے سامنے پیش ہونا تھا جہاں حکومت کی جانب سے کاروبار اور اسکول کھولنے کے حوالے سے اقدامات پر بحث کی جانی تھی۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کو بڑی عمر کے افراد کے لیے زیادہ خطرناک قرار دیا جاتا ہے۔ سی ڈی سی کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے ہر دس میں سے آٹھ افراد کی عمر 60 سال سے زائد تھی۔

ایف ڈی اے کے ترجمان کے مطابق اسٹیفن ہان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر اسٹیفن ہان نے اپنے اسٹاف کے نام ایک نوٹ میں بتایا کہ ان کا سامنا ایک ایسے شخص سے ہوا جو وبا سے متاثر تھا۔ اس لیے سی ڈی سی کی ہدایات کے تحت وہ دو ہفتوں کے لیے خود قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر اسٹیفن ہان کا سامنا امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس کی پیرس سیکریٹری کیٹی ملر سے ہوا تھا۔ کیٹی ملر صدر ٹرمپ کے ایک سینئر مشیر کی اہلیہ ہیں۔ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

کیٹی ملر میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد وائٹ ہاؤس کے اندرون حلقوں میں وبا پھیلنے کے خدشات ظاہر کے جا رہے ہیں۔

کیٹی ملر وائٹ ہاؤس کے تارکین وطن سے متعلق مشیر اور صدارتی خطاب لکھنے والے اسٹیفن ملر کی اہلیہ ہیں۔

امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس کے ایک ماتحت کے بھی کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ میں 13 لاکھ 20ہزار سے زائد کرونا وائرس کے کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ حکام نے 78 ہزار اموات کی تصدیق کی ہے۔

XS
SM
MD
LG