رسائی کے لنکس

شکارپور کی درگاہ میں دھماکا، تین افراد ہلاک


ایس ایس پی شکار پور کے مطابق دھماکا درگاہ حاجن شاہ ماڑی کے احاطے میں ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

شکار پور کی تحصیل لکھی غلام شاہ کی ایک درگاہ کے احاطے میں دھماکے سے تین افراد ہلاک اور درگاہ کے گدی نشین سید حاجن شاہ سمیت ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

چند روز قبل جیکب آباد میں پیر آف قمبر سید حسین شاہ کو بھی ایک بم حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں ان کا ایک پوتا جاں بحق اوردوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

ایس ایس پی شکار پور کے مطابق دھماکا درگاہ حاجن شاہ ماڑی کے احاطے میں ہوا۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں تین افراد ہلاک اور درگاہ کے گدی نشین سید حاجن شاہ سمیت 12 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ مقامی لوگ اور ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے۔

پاکستانی نیوز چینل 'اے آر وائی' کے مطابق درگاہ حاجن شاہ ماڑی کے احاطے میں محفل سماع جاری تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار دو افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔

جب کہ بعض عینی شاہدین نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ایک نامعلوم شخص درگاہ کے اندر ایک تھیلا رکھ کر فرار ہوا جس کے بعد زور دار دھماکا ہوگیا۔

ایک عینی شاہد کا یہ بھی کہنا تھا کہ دھماکہ کے وقت درگاہ میں معتقدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ دھماکے کے فوراٌ بعد پورے شہر میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا اور نامعلوم افراد نے کاروباری مراکز بند کرادیے۔
XS
SM
MD
LG