رسائی کے لنکس

تین پاکستانی فوٹو گرافی کے عالمی مقابلے میں حتمی امیدواروں میں شامل


پاکستان سے تعلق رکھنے والے فوٹو گرافرز شہزاد خان تاجک، ذوہیب خان اور کمیل رضوی کی تصاویر کو فوٹو گرافی کے زمرے 'یوتھ کمپیٹیشن 'کے تحت آخری انتخاب میں شامل کیا گیا ہے۔

’سونی ورلڈ فوٹو گرافی ایوارڈز' کے 2016کے ایڈیشن کے فائنلسٹس کا اعلان کر دیا گیا ہے.

دنیا کے بڑے فوٹو گرافی کےمقابلے کے لیے اس سال پاکستان سے تین نوجوان فوٹوگرافروں کی تصاویر کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

فوٹو گرافی کے سالانہ مقابلے کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں امیدواروں نے اپنی تصاویر جمع کرائی تھیں جن میں سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے فوٹو گرافر کمیل رضوی، شہزاد خان تاجک اور ذوہیب خان کی تصاویر کو فوٹو گرافی کے زمرے 'یوتھ کمپیٹیشن 'کے تحت آخری انتخاب میں شامل کیا گیا ہے۔

شہزاد خان تاجک کی تصویر نوجوان فوٹو گرافروں کی تصاویر کے مقابلے کے ذیلی زمرے 'یوتھ پورٹریٹ ' کے لیے شارٹ لسٹ کی گئی ہے۔

یہ اسلام آباد کے مضافات میں ایک کچی آبادی میں رہنے والے بچے کی شاندار کلوز اپ تصویر ہے جسے 'الاول گل' کے عنوان دیا گیا ہے۔

ذوہیب طارق کی طرف سے بھیجی گئی تصویر کو نوجوان فوٹو گرافروں کی تصاویر میں کلچر کے ذیلی زمرے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

ان کی تصویر کا عنوان 'پاکستان' ہے۔جس میں کسان نوجوانوں کو کام پر دکھایا گیا ہے۔

کمیل رضوی کی تصویر کو 'یوتھ ماحول' کے ذیلی زمرے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

یہ ملائیشیا میں ایک کار پارکنگ کی فضائی تصویر ہے جو 'انسانی بنائے گئے ماحول' کے عنوان کے ساتھ فہرست میں شامل ہے۔

یوتھ ایوارڈز کے تحت اگلی نسل سے نوجوان فوٹو گرافروں کی تخلیقی اور فنی صلاحیتوں اور مہارتوں کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ مقابلے کے اس زمرے کے لئے پیشہ ور فوٹو گرافر اور وہ نوجوان فوٹو گرافر اپنی تصاویر جمع کرا سکتے ہیں جنھوں نے فوٹو گرافی میں ابھی سفر شروع کیا ہے۔

سونی ورلڈ فوٹو گرافی ایوارڈز کے مطابق اس سال مقابلے کے لیے ریکارڈ تعداد میں امیدواروں نے حصہ لیا اور ورلڈ فوٹو گرافی تنظیم کو دنیا کے186 ممالک سے مجموعی طور پر 230,103 تصاویر موصول ہوئیں۔

منتظمین کی طرف سے شارٹ لسٹ کی جانے والی تصاویر کو ورلڈ فوٹو گرافی آرگنائزیشن کی ویب سائٹ پر شیئر کیا گیا ہے۔

تنظیم کی طرف سے جاری کئے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پچھلے برس کے مقابلے میں اس سال موصول ہونے والی تصاویر کی تعداد میں ایک تہائی اضافہ ہوا ہے۔

ان میں فوٹوگرافروں کی طرف سے مختلف نوعیت کے موضوعات مثلاً زیر زمین سمندر، ڈرون، تیزاب پھینکنے کے واقعات سے لے کر یوکرائن کے تنازعے اور یورپ میں پناہ گزینوں کے مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے۔

مقابلے کے فاتحین کی فہرست کا اعلان 21 اپریل کو لندن کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک شاندار تقریب کے دوران کیا جائے گا۔

یوتھ کمپیٹیشن کے زمرے میں 'یوتھ فوٹو گرافر آف دا ائیر' اور ہر ذیلی زمرے کے ایک فاتح کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔

مقابلے کے فائنلسٹس کی تصاویر کو لندن میں سمر سیٹ ہاوس میں ہونے والی ایک بڑی نمائش میں شامل کیا جائے گا جو 22 اپریل سے 8 مئی تک جاری رہے گی۔

XS
SM
MD
LG