رسائی کے لنکس

ویسٹ انڈیز کا دورۂ انگلینڈ کے لیے ٹیم کا اعلان، تین کھلاڑیوں کا جانے سے انکار


ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ (فائل فوٹو)
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ (فائل فوٹو)

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے دورۂ انگلینڈ کے لیے 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے تاہم تین کھلاڑی ایسے بھی ہیں جنہوں نے کرونا وائرس کے خطرے کے پیشِ نظر انگلینڈ جانے سے انکار کر دیا ہے۔

ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کو اگلے ہفتے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے جس میں وہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔​

اس دورے کے لیے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے بدھ کو 14 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔

کرکٹ بورڈ کے حکام کے مطابق ​ڈیرن براوو، شمرون ہیٹمیر اور کیمول پال نے انگلینڈ نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد 11 ریزرو کھلاڑیوں میں سے تین کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ وہ تین کھلاڑیوں کی جانب سے انگلینڈ نہ جانے کے فیصلے کا احترام کرتا ہے۔

پالیسی کے مطابق ان کھلاڑیوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم آٹھ جون کو دورۂ انگلینڈ کے لیے روانہ ہو گی۔ دورے کے دوران تینوں ٹیسٹ میچز تماشائیوں کے بغیر خالی گراؤنڈ میں ہوں گے۔

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے مطابق انگلینڈ جانے والے کھلاڑیوں کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ رواں ہفتے ہو گا جس کے بعد ان کھلاڑیوں کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے انگلینڈ روانہ کیا جائے گا۔

ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ میں کپتان جیسن ہولڈر، جرمین بلیک ووڈ، نکروما بونر، کریگ بریتھویٹ، شمار بروکس، جان کیمبل، روسٹن چیز، رکیم کارن وال، شین ڈورچ (وکٹ کیپر)، چیمار ہولڈر، شائی ہوپ، الزاری جوزف، ریمن رائفر اور کیمر روچ شامل ہیں۔

تمام کھلاڑی نو جون کو مانچسٹر پہنچیں گے جہاں وہ لگ بھگ تین ہفتوں تک قرنطینہ میں رہیں گے اور اس دوران پریکٹس بھی کریں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ لگ بھگ ایک ماہ بعد آٹھ جولائی کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 16 جولائی کو مانچسٹر اور تیسرا 24 جولائی کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہو گا۔

XS
SM
MD
LG