رسائی کے لنکس

'ٹام اینڈ جیری' اب بڑے پردے پر دھوم مچائیں گے


وارنر برادرز پکچرز کی فلم آئندہ برس مارچ میں ریلیز ہو گی۔
وارنر برادرز پکچرز کی فلم آئندہ برس مارچ میں ریلیز ہو گی۔

بچوں، نوجوانوں اور ہر عمر کے افراد کے بے حد پسندیدہ کارٹون کریکٹرز 'ٹام اینڈ جیری' اب بڑے پردے پر دھوم مچائیں گے۔

وارنر برادرز پکچرز نے 'ٹام اینڈ جیری' فلم کا ٹریلر جاری کر دیا ہے اور یہ فلم آئندہ برس مارچ میں ریلیز کی جائے گی۔

جوزف باربرا اور ولیم حینا کے تخلیق کردہ کارٹون کریکٹر ٹام (بلی) اور جیری (چوہا) فلم میں تو وہی ٹیلی ویژن شو والے یعنی اینی میٹیڈ ہی ہوں گے لیکن دیگر کردار حقیقی ہوں گے۔

چوہے اور بلی کے گرد گھومتی اس فلم کی کہانی کیون کوسٹیلو نے لکھی ہے۔

امریکی اداکارہ کولی گریس موریٹس فلم میں ہوٹل کی ایک خوش طبع ملازمہ کا کردار ادا کر رہی ہیں جو ایونٹ پلانر کے روپ میں نظر آئیں گی۔

فلم کی کہانی کچھ اس طرح ہے کہ نیویارک کے ایک ہوٹل نے شادی کی تقریب آرگنائز کرنے کے لیے کولی گریس کو منتخب کیا ہے لیکن ساتھ ساتھ اُنہیں جیری کو ہوٹل سے باہر نکالنے کی ذمہ داری بھی سونپی ہے۔

کولی گریس یہ ذمے داری کس طرح اور کس حد تک نبھا پاتی ہیں یہی اس فلم میں دکھایا گیا ہے۔ تاہم یہ بات طے ہے کہ جیری کو ہوٹل سے باہر نکالنے کا ایک مشکل کام اُنہیں بہت مہنگا پڑتا ہے۔

ٹام اینڈ جیری کی ایک دوسرے سے بچنے کے لیے مختلف ترکیبیں آزمانا اور بھاگا دوڑی دیکھنے کے لیے فلم بین منتظر ہوں گے۔

پہلی مرتبہ ٹام اینڈ جیری 1940 میں منظرِ عام پر آئے تھے۔ وہ گزشتہ 80 برسوں سے ایک دوسرے کے دشمن ہیں اور ایک دوسرے کو سبق سکھانے کے لیے ہر بار اپنے ارادے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹام اینڈ جیری کے موضوع پر 164 ٹی وی شوز، ٹی وی سیریز اور متعدد فلمیں بن چکی ہیں اور وارنر برادر کی نئی آنے والی فلم اس تعداد میں ایک نیا اضافہ ہو گا۔

فلم ٹام اینڈ جیری کی کاسٹ میں مائیکل پینا، روب ڈیلینی، کولن جوسٹ اور کین جیونگ شامل ہیں جب کہ اس کے ڈائریکٹر ٹم اسٹوری اور پروڈیوسر کریس ڈی فاریہ ہیں۔

ہالی وڈ کے بیشتر فلم ساز ادارے اپنی فلموں کو تھیٹر میں ریلیز کرنے کے خواہش مند ہیں۔ اُنہیں امید ہے کہ نئے سال میں کرونا وائرس سے نجات حاصل ہو جائے گی جس کے بعد اُن کی فلمیں اچھا بزنس کرسکیں گی۔

وارنر برادرز پکچرز کو بھی ٹام اینڈ جیری کے حوالے سے یہی توقعات وابستہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG