رسائی کے لنکس

امریکہ: ٹریفک حادثات میں گزشتہ سال 40 ہزار افراد ہلاک


ماہرین کا کہنا ہے کہ تعطیلات کے دوران لمبے اور نسبتاً نئے راستوں پر طویل سفر کے نتیجے میں حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تعطیلات کے دوران لمبے اور نسبتاً نئے راستوں پر طویل سفر کے نتیجے میں حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثات میں اضافے کی ایک بنیادی وجہ معیشت بہتر ہونا ہے کیوں کہ اس کی وجہ سے اب پہلے سے زیادہ لوگ لمبے سفر پر نکل رہے ہیں۔

امریکہ میں 2017ء میں سڑکوں پر ہونے والے حادثات میں گزشتہ دو سال کے مقابلے میں معمولی کمی آئی ہے لیکن روڈ سیفٹی کے لیے کام کرنے والے ایک بڑے ادارے نے خبردار کیا ہے کہ یہ کمی عارضی نوعیت کی ہے جسے کامیابی نہیں سمجھنا چاہیے۔

ٹریفک حادثات کے اعداد و شمار جمع کرنے والے نجی ادارے 'نیشنل سیفٹی کونسل' کے مطابق 2017ء کے دوران امریکہ میں 40100 افراد ہلاک ہوئے جو 2016ء میں ہونے والی 40327 ہلاکتوں سے تھوڑا سا کم ہیں۔

ادارے نے کہا ہے کہ گزشتہ دو برسوں سے امریکہ میں ٹریفک حادثات میں ہونے والی اموات میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا تھا اور یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ 2017ء کے دوران ہونے والی یہ کمی عارضی ہے یا مستقل۔

ادارے کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثات میں اضافے کی ایک بنیادی وجہ معیشت بہتر ہونا ہے کیوں کہ اس کی وجہ سے اب پہلے سے زیادہ لوگ لمبے سفر پر نکل رہے ہیں۔

کونسل کی ترجمان مورین ووگل نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب 40 ہزار سے زائد افراد سڑکوں پر موت کی نذر ہوگئے ہیں اور اس تعداد میں معمولی کمی کو کوئی پیش رفت قرار نہیں دیا جاسکتا۔

کونسل کے مطابق 2016ء سے قبل 2007ء میں امریکہ میں 40 ہزار سے زائد افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے تھے۔ 2008ء سے یہ تعداد کم ہونا شروع ہوئی تھی اور 2011ء میں صرف 32000 اموات رپورٹ ہوئی تھیں جو گزشتہ چھ دہائیوں کی کم ترین تعداد تھی۔ اگلے دو سال میں اموات کی تعداد میں معمولی اضافہ ہوا تھا لیکن 2014ء سے یہ تعداد پھر بڑھنے لگی تھی۔

کونسل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال ٹریفک حادثات میں 45 لاکھ افراد زخمی بھی ہوئے جب کہ ان حادثات میں ہونے والی اموات اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ 413 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ معیشت میں بہتری آنے کے نتیجے میں لوگ زیادہ ڈرائیو کرتے ہیں جب کہ تعطیلات کے دوران لمبے اور نسبتاً نئے راستوں پر طویل سفر کے نتیجے میں حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG