رسائی کے لنکس

کینیڈا کا ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے 'شواہد' عام کرنے سے انکار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک مرتبہ پھر بھارت پر کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا الزام عائد کیا ہے لیکن انہوں نے بھارت کے ملوث ہونے سے متعلق شواہد عام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے موقع پر جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران جسٹن ٹروڈو نے بھارت پر زور دیا کہ سکھ رہنما کے قتل کی تحقیقات میں بھارت تعاون کرے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت ایک اہم ملک ہے اور ہمیں اس کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔ لیکن قانون کی بالادستی اور کینیڈین شہریوں کے تحفظ کے سلسلے میں ہم بالکل واضح ہیں۔ اس لیے ہم بھارتی حکومت سے چاہتے ہیں کہ وہ حقائق سامنے لانے کے لیے ہمارے ساتھ مل کر کام کرے۔

کینیڈین وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ ہم بھارت کو اشتعال دلانا نہیں چاہتے اور نہ ہی کوئی مسئلہ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ جسٹن ٹروڈو نے پیر کو پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ بھارت نے اس الزام کی بارہا تردید کی ہے۔

بھارت کی وزارتِ خارجہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ کینیڈا نے ہردیپ سنگھ کے قتل سے متعلق کوئی خاص معلومات نئی دہلی کے ساتھ شیئر نہیں کی۔

ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا الزام بھارت پر کیوں لگ رہا ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:19 0:00

ہردیپ سنگھ نجر کو رواں برس جون میں کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ کینیڈین وزیرِ اعظم کی جانب سے اس قتل کا الزام بھارت پر عائد کیے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ دونوں ملک ایک دوسرے کے سفرا کو بے دخل ہونے کے احکامات دے چکے ہیں جب کہ کینیڈا میں بھارت کے مشن نے ویزہ سروس بھی معطل کر دی ہے۔

بھارت میں کینیڈا کے ہائی کمیشن نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر ان کے اسٹاف کو ملنے والی دھمکیوں کے بعد سفارت کاروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

'امریکہ اپنے دونوں اتحادیوں سے رابطے میں ہے'

امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے جمعرات کو نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ کینیڈا کے الزامات کے بعد امریکہ اپنے دونوں اتحادیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے تشویش کا معاملہ ہے اور ہم اسے سنجیدہ لیتے ہیں۔

برطانوی اخبار 'فنانشل ٹائمز' نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے 'فائیو آئیز' نامی اتحاد کے کئی ارکان نے رواں برس جی ٹوئنٹی اجلاس کے دوران بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے سامنے ہردیپ سنگھ کے قتل کا معاملہ اٹھایا تھا۔

فائیو آئیز ایک انٹیلی جینس شیئرنگ نیٹ ورک ہے جس میں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG