رسائی کے لنکس

امریکی وزیرِ خارجہ شمالی کوریا نہیں جائیں گے: ٹرمپ کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اپنے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ مائیک پومپیو مستقبل میں شمالی کوریا کا دورہ کرسکتے ہیں لیکن قوی امکان ہے کہ یہ دورہ چین کے ساتھ امریکہ کے تجارتی تعلقات پر جاری تنازع کے حل کے بعد ہی ہوگا۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کا شمالی کوریا کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا ہے۔

صدر نے کہا ہے کہ یہ دورہ جزیرۂ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے ہدف کی جانب ناکافی پیش رفت کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ کو آئندہ ہفتے پیانگ یانگ کا دورہ کرنا تھا جس کی منسوخی کا اعلان صدر ٹرمپ نے جمعے کی شب اپنے ایک ٹوئٹ میں کیا۔

اپنے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو سے کہا ہے کہ وہ فی الحال شمالی کوریا نہ جائیں کیوں کہ، صدر کے بقول، ان کا احساس ہے کہ "ہم جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی جانب اطمینان بخش پیش رفت نہیں کر رہے۔"

صدر ٹرمپ کا یہ بیان شمالی کوریا سے متعلق ان کے ماضی کے اس مؤقف کے برعکس ہے کہ امریکہ کو شمالی کوریا سے لاحق جوہری حملے کا خطرہ ختم ہوچکا ہے۔

صدر ٹرمپ نے یہ بیان رواں سال جون میں سنگاپور میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے ساتھ ہونے والی اپنی ملاقات کے بعد دیا تھا۔

صدر نے کم جونگ ان کے ساتھ اپنی اس ملاقات کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ اپنے ملک کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر راضی ہوگئے ہیں۔

لیکن سنگاپور میں ہونے والی سربراہی ملاقات کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر بات چیت میں کچھ زیادہ پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

صدر ٹرمپ نے امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کو شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کی نگرانی سونپی ہے جو پیانگ یانگ سے جوہری ہتھیاروں کی تلفی کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اس کے برعکس شمالی کوریا کی حکومت چاہتی ہے کہ پہلے امریکہ اس پر عائد پابندیوں میں نرمی کرے۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے دورے کی منسوخی کا بیان سیکریٹری پومپیو کے اس اعلان کے محض ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ مذاکرات میں جاری ڈیڈلاک کے خاتمے کے لیے جلد شمالی کوریا کا دورہ کریں گے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ پیانگ یانگ کے دورے میں ان کے ہمراہ امریکہ کےنئے ایلچی برائے شمالی کوریا اسٹیفن بائی گن بھی ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ نے جمعے کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران سیکریٹری پومپیو کو شمالی کوریا کا دورہ منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔

جمعے کو اپنے ایک اور ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ چین کی حکومت بھی شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے امریکہ کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی جس کی وجہ ان کے بقول چین کے ساتھ تجارتی تنازعات پر امریکہ کا سخت موقف ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ مائیک پومپیو مستقبل میں شمالی کوریا کا دورہ کرسکتے ہیں لیکن قوی امکان ہے کہ یہ دورہ چین کے ساتھ امریکہ کے تجارتی تعلقات پر جاری تنازع کے حل کے بعد ہی ہوگا۔

لیکن ساتھ ہی اپنے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں رہنماؤں کی جلد ملاقات ہوگی۔

XS
SM
MD
LG