رسائی کے لنکس

ترکی ریفرنڈم: صدر ٹرمپ کی اردوان کو مبارکباد


پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے بھی پیر کو رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا اور ریفرنڈم میں کامیابی پر اُنھیں مبارکباد دی۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور اُنھیں حالیہ ریفرنڈم میں کامیابی پر مبارک باد دی۔

یہ رابطہ ایسے وقت کیا گیا جب اس سے قبل یورپی مبصرین اور ترکی میں حزب مخالف کی جماعتوں کی طرف سے ریفرنڈم میں بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

16 اپریل کو ہونے والے ریفرنڈم کی گنتی کے مطابق آئین میں ترامیم کے حق میں 51.41 فیصد ووٹ جب کہ مخالفت میں 48.59 ووٹ ڈالے گئے۔

ریفرنڈم میں کامیابی کے بعد آئینی ترمیم کے ذریعے ترکی میں صدر کا منصب مزید مضبوط ہو گا اور صدر کو وسیع اخیتارات حاصل ہو سکیں گے۔

ریفرنڈم پر کی جانے والی تنقید کو صدر رجب طیب اردوان نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم کے لیے ووٹنگ کا معیار غیر جانبدارانہ تھا۔

ترکی میں ریفرنڈم کے دوران یہ شکایت بھی سامنے آئی کہ آخری وقت میں ایسے بیلٹ پیپرز بھی استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی جن پر سرکاری مہر نہیں لگی ہوئی تھی۔

ریفرنڈم نتائج کے بعد حزب مخالف کی جماعتوں کے اراکین کی طرف سے ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے میں بھی دیکھے گئے، جب کہ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ اس عمل کو چیلنج بھی کیا جائے گا۔

دوسری جانب صدر اردوان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ریفرنڈم کے بعد آئینی ترمیم کی منظوری سے ملک کو جدید خطوط پر ترقی دینے میں مدد ملے گی۔

اُدھر پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے بھی پیر کو رجب طیب اردوان کو ٹیلی فون کیا اور ریفرنڈم میں کامیابی پر اُنھیں مبارکباد دی۔

XS
SM
MD
LG