رسائی کے لنکس

قومی سلامتی کے سابق مشیر کے ساتھ رویہ ’’نامناسب ہے‘‘: ٹرمپ


صدر ٹرمپ کے بقول، ’’ہیلری کلنٹن نے ایف بی آئی کے ساتھ متعدد بار جھوٹ بولا۔ اُنھیں کچھ بھی نہیں ہوا۔ فلن نے غلط بیانی کی اور اُن کی زندگی برباد کردی گئی۔ میرے خیال میں یہ شرمناک بات ہے‘‘

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی کے سابق مشیر، مائیکل فلن کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2016ء کے صدارتی انتخاب میں مبینہ روسی اثر و رسوخ سے متعلق معاملے پر تفتیش کاروں نے فلن کے ساتھ نامناسب رویہ اپنا رکھا ہے۔

فلن نے جمعے کے روز اعتراف کیا کہ اُنھوں نےامریکہ میں روسی سفیر سے رابطوں سے متعلق جنوری میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ساتھ غلط بیانی سے کام لیا تھا۔ یہ گفتگو ٹرمپ کی جانب سے عہدہٴ سنبھالنے سے کئی ہفتے قبل ہوئی۔

صدر نے ایف بی آئی کے ساتھ جھوٹ بولنے کے معاملے کا موازنہ اپنے مدِمقابل صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کے بیانات کے ساتھ کیا، جب وفاقی تفتیش کاروں نے اُن سے اِی میلز کے معاملے پر پوچھ گچھ کی تھی۔

ٹرمپ نے یہ بات پیر کے روز یوٹا کے دورے پر روانگی سے قبل وائٹ ہاؤس میں کہی۔ اُن کے بقول ’’ہیلری کلنٹن نے ایف بی آئی کے ساتھ متعدد بار جھوٹ بولا۔ اُنھیں کچھ بھی نہیں ہوا۔ فلن نے غلط بیانی کی اور اُن کی زندگی برباد کردی گئی۔ میرے خیال میں یہ شرمناک بات ہے‘‘۔

صدر نے اس بات کی جانب توجہ دلائی کہ جب کلنٹن نے ایف بی آئی کے ساتھ گفتگو کی اُنھوں نے حلف نہیں لیا ہوا تھا، جب کہ فلن کی صورت میں معاملہ دیگر تھا۔

جولائی، 2016ء میں ایف بی آئی کے سابق سربراہ، جیمز کومی نے شہادت دی تھی کہ کلنٹن نے چھان بین کرنے والے ایف بی آئی ایجنٹوں کے ساتھ غلط بیانی سے کام نہیں لیا تھا، جو اُن کی نجی اِی میلز کا کھوج لگا رہے تھے، جس دور میں وہ وزیر خارجہ تھیں۔

کھلی سماعت کے دوران کومی نے ایوانِ نمائندگان کی نگرانی پر مامور کمیٹی کو بتایا تھا کہ ’’اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ کلنٹن نے ایف بی آئی کے ساتھ جھوٹ بولا‘‘۔

XS
SM
MD
LG