رسائی کے لنکس

امریکہ: جوزف مگوائر قائم مقام ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس نامزد


جوزف مگوائر انسداد دہشت گردی سینٹر کے چیف ہیں — فائل فوٹو
جوزف مگوائر انسداد دہشت گردی سینٹر کے چیف ہیں — فائل فوٹو

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی انسداد دہشت گردی سینٹر کے چیف جوزف مگوائر کو قائم مقام ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس نامزد کر دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ جوزف مگوائر 15 اگست سے اپنا عہدہ سنبھال لیں گے۔

خیال رہے کہ 29 جولائی کو صدر ٹرمپ نے ٹیکساس سے ایوان نمائندگان کے رکن جان ریٹکلف کو نیا نیشنل انٹیلی جنس چیف نامزد کیا تھا۔ لیکن ان کے تجربے اور اہلیت سے متعلق اٹھائے گئے اعتراضات پر پانچ دن بعد ہی جان ریٹکلف نے اپنی نامزدگی واپس لے لی تھی۔

علاوہ ازیں جمعے کو صدر ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں نیشنل انٹیلی جنس کی پرنسپل ڈپٹی ڈائریکٹر سو گورڈن کے استعفی کا اعلان کیا ہے۔

صدر نے کہا ہے کہ وہ سو گورڈن کو دو سال سے جانتے ہیں اور ان کی بہت عزت کرتے ہیں۔

کچھ دیر بعد کی گئی ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ کی جانب سے ریٹائرڈ ایڈمیرل جوزف مگوائر کو قائم مقام ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تعینات کرنے کا اعلان کیا گیا۔

امریکی بحریہ سے 2010 میں ریٹائر ہونے والے جوزف مگوائر انسداد دہشت گردی سینٹر کے دسمبر 2018 سے سربراہ ہیں۔

پرنسپل ڈپٹی ڈائریکٹر مستعفی

گزشتہ ماہ ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس ڈین کوٹس کے مستعفی ہونے کے بعد صدر ٹرمپ نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وہ قائم مقام ڈائریکٹر لانے کا سوچ رہے ہیں۔

اس ٹوئٹ کے بعد قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ انٹیلی جنس میں 30 سال کا تجربہ رکھنے والی سو گورڈن بھی عہدہ چھوڑنے کا تہیہ کر چکی ہیں۔

امریکی قوانین کے مطابق ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کی غیر موجودگی میں پرنسپل ڈپٹی ڈائریکٹر ہی قائم مقام ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالتا ہے۔

قابل ازیں صدر ٹرمپ سے سو گورڈن کی بحیثیت قائم مقام ڈائریکٹر تعیناتی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ سو گورڈن کو پسند کرتے ہیں۔ ان کی تعیناتی کے بارے میں بھی غور کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس امریکی صدر کی کابینہ کا رکن ہوتا ہے جبکہ ملک کی بیشتر خفیہ ایجنسیاں اس کے ماتحت ہوتی ہیں۔

نیشنل انٹیلی جنس کے سابق سربراہ ڈین کوٹس کو 2017 میں صدر ٹرمپ نے ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس مقرر کیا تھا لیکن دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں زبان زدِ عام تھیں۔

XS
SM
MD
LG